اس بات کا اعلان پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اولمپک ڈے منانے کا مقصد آئی او سی کے تمام رکن ممالک میں کھیلوں کے فروغ کو ترویج دینا ہے۔ اولمکپ ڈے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے زیرِ انتظام ملک کی چاروں صوبائی اولمپک ایسوسی ایشنز منائیں گی۔ اولمپک ڈے کے موقع پر لاہور کے مختلف وینیوز پر تیئیس مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے جن میں سات سو سے زائد کھلاڑی اور آفیشلز شرکت کریں گے۔ سوئمنگ کے مقابلوں میں انڈر ٹین سے انڈر سکسٹین کی سطح تک کے مقابلے ہوں گے جبکہ باقی مقابلے اوپن ہوں گے۔ مقابلوں کے شرکا کو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے سرٹفکیٹس بھی دیے جائیں گے۔