نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین جنرل ریٹائرڈ ندیم احمد کی قیادت میں ماہرین کی ٹیم سپل وے کے راستے میں آنے والے بھاری پتھروں کو کنٹرول بلاسٹ کے ذریعے توڑنے کے اقدامات کرے گی جس کیلئے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان بھاری پتھروں کو کل تک ہٹا دیا جائے گا۔ اس وقت عطا آباد جھیل سے پانی کا اخراج چھ ہزار سات سو اٹھاسی کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ سپل وے پر پڑے بھاری پتھروں کو ہٹانے سے پانی کا اخراج پندرہ سے اٹھارہ ہزار کیوسک تک ہو جائے گا اور اب تک محفوظ رہنے والی آبادیوں کیلئے پائے جانے والے خطرے میں بھی کمی واقع ہو گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق علاقے میں موسم صاف رہے گا جبکہ بارشوں کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔ دوسری جانب مقامی آبادیوں کے مکینوں میں سپل وے سے بھاری پتھر ہٹانے میں تاخیر پر شدید غم وغصہ پایا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے مزید تاخیر کی تو وہ اس کے خلاف شدید احتجاج کریں گے۔