لاہور+اسلام آباد+کراچی (سٹاف رپورٹر+اپنے سٹاف رپورٹر سے+ ایجنسیاں) تحریک انصاف کے زیراہتمام سپریم کورٹ اور چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور، اسلام آباد، کراچی سمیت ملک بھر میں مختلف مقامات پر ”عدلیہ یکجہتی ریلیاں“ نکالی گئیں اور مظاہرے کئے گئے۔ کراچی میں ریلی پر پولیس نے شدید لاٹھی چارج کیا اور واٹر کینن کی تیز دھاروں سے مظاہرین کی دوڑیں لگوا دیں اور مرکزی سیکرٹری جنرل عارف علوی سمیت 7 کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ جبکہ آنسو گیس کی شیلنگ سے متعدد کارکن زخمی ہوگئے اور علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ لاہور میں ریلی کی قیادت شاہ محمود قریشی نے کی ان کے ساتھ شفقت محمود، محمود الرشید، میاں اعجاز، چودھری اصغر، امین ذکی، عبدالعلیم، ابرارالحق، احسن رشید اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا انسانی حقوق،آئین اور میڈیا کی آزادی کے تحفظ کے لئے آزاد عدلیہ ضروری ہے ۔مشرف دور میں بھی تحریک انصاف عدلیہ کے ساتھ کھڑی تھی اور آج بھی ہم عدلیہ کے ساتھ ہیں اور اس کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ ریلی میں موجود شرکاء©©”چیف تیرے جانثار، بے شمار، کے نعرے لگاتے رہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا بجلی مانگنے والوں کو گولیاں ماری جا رہی ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ محمود الرشید نے کہا عوام سونامی مارچ کی تیاری کریں۔ اسلام آباد میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ملک ریاض سن لیں ہمیں کوئی نہیں خرید سکتا، ملک ریاض لوگوں کو پیسے کھلا کر ”کانا“ کرتا ہے اور پھر دو نمبر کام کراتا ہے ملک ریاض اور ان کے بزنس پارٹنر آصف زرداری دونوں نے چیف جسٹس سے ”پنگا“ لیا ہے دونوں کی مشرف جیسی حالت ہونے والی ہے۔ ہم پہلے کی طرح چیف جسٹس کے ساتھ کھڑے ہیں کرپشن مافیا اس وقت آزاد عدلیہ اور میڈیا سے خوفزدہ ہے چیف جسٹس سیاستدانوں، صحافیوں، فوجیوں اور اپنے بیٹے سمیت سب کرپٹ لوگوں کو سزا دیں کراچی میں تحریک انصاف کے پرامن احتجاج پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں ایسا سلسلہ جاری رہا تو تحریک انصاف کا اگلا مارچ ایوان صدر کی طرف ہوگا۔حکمرانوں کی کرپشن کے باعث لوڈ شیڈنگ کی انتہا ہو چکی، فوری طور پر لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہ کیا تو تحریک انصاف کے کارکن سڑکوں پر نکلنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا اگر سپریم کورٹ کے فیصلے نہ مانے گئے تو تحریک انصاف سونامی مارچ کیلئے تیار ہے۔ کراچی میں احتجاج کے باعث شارع فیصل پر شدید ٹریفک جام ہوگئی اور ٹریفک جام میں ایمبولینسں بھی پھنس گئی۔ملتان، پشاور، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولپور، رحیم یارخان ڈیرہ سمیت متعدد شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔