لاہور + جلالپور بھٹیاں (وقائع نگار خصوصی + نامہ نگار) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے سابق ایم این اے مہدی حسن بھٹی کی گیس چوری کے مقدمہ میں عبوری ضمانت خارج کر دی جس پر ملزم پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں ملی بھگت سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تاہم پولیس اہلکاروں کا کہنا تھا کہ وکلا نے مہدی حسن بھٹی کو فرار کروایا۔ فاضل عدالت نے گذشتہ روز کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو تفتیشی افسر کی جانب سے بتایا گیا کہ مہدی حسن بھٹی کا شیخوپورہ روڈ پر سکھےکی میں قائم سی این جی سٹیشن ہیں جہاں سے گیس چوری ہوتی تھی۔ انہوں نے اپنی تفتیش میں اس بات کو درست پایا۔ مہدی حسن بھٹی کے خلاف تین مختلف مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے تمام کیسز میں مکمل تفتیش کی اور کیس کی تفتیش میں مہدی حسن بھٹی ملوث پائے گئے ہیں لہٰذا ان کی عبوری ضمانت خارج کی جائے۔ مہدی حسن بھٹی کی جانب سے ان کے وکیل نے بتایا کہ الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ ان پر تمام مقدمات سیاسی بنیادوں پر درج کئے گئے۔ فاضل عدالت نے دونوں جانب سے دلائل سننے کے بعد مہدی حسن بھٹی کی عبوری ضمانت خارج کر دی جس کے بعد مہدی حسن بھٹی پولیس کو چکمہ دیکر مبینہ طور پر وکلا کی مدد سے کمرہ عدالت سے فرار ہو گئے۔ چودھری مہدی حسن (ق) لیگ کے سابق وزیر چودھری لیاقت عباس کے بھائی ہیں، ان کے خلاف گوجرانوالہ کے سینئر انجینئر رائے محمد اعظم نے درخواست دی تھی۔ ان کے خلاف گیس چوری کا مقدمہ نمبر 77/13 زیر دفعہ 462-E درج کیا گیا تھا۔
گیس چوری مقدمہ: ق لیگ کے سابق ایم این اے مہدی حسن بھٹی ہائیکورٹ سے فرار
Jun 19, 2013