مسلم لیگ (ن) ناکامیوں کے بعد سیاسی شہادت حاصل کرنا چاہتی ہے: شرجیل میمن

Jun 19, 2014

کراچی (این این آئی) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اپنی ناکامیوں کے بعد اب سیاسی شہادت حاصل کرنا چاہ رہی ہے۔ لاہور میں ہونے والا سانحہ جمہوری حکومت کی بدترین مثال ہے،  عدالتیں تھرپارکر جیسی قدرتی آفات پر تو سوموٹو ایکشن لے لیتی ہیں تاہم اتنے بڑے سانحہ کے بعد بھی اب تک کسی قسم کا عدالتوں کا نوٹس نہ لینا لمحہ فکریہ ہے۔ سندھ اسمبلی کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت چاہے وہ وفاق میں ہو یا پھر صوبہ پنجاب میں ہو کسی خودکش مشن پر نکلی ہوئی ہے جس طرح گذشتہ روز معصوم بچوں، خواتین اور ہمارے بھائیوں کو گولیوں کی بھینٹ چڑھایا گیا ہے اس کی ماضی میں کسی آمرانہ دور میں تو مثالیں ضرور ملتی ہیں لیکن کسی جمہوری دور میں اس کی کوئی مثال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعجب کی بات تو یہ ہے کہ میڈیا میں آنے والی فوٹیج میں جو پولیس اہلکار اور افسر کھلے عام عوام پر براہ راست گولیاں چلا رہے ہیں انہیں جیل میں ڈالے جانے کی بجائے صرف انکوائری کے نعرے لگا کر انہیں بچانے کی سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صرف زبانی جمع خرچ اور انکوائری کا ڈھونگ کرکے اس سانحہ سے اپنی جان نہیں چھڑا سکتے۔ ایک سوال کے جواب میں شرجیل میمن نے کہا کہ مجھے تو اس بات کا انتظار تھا کہ کب لاہور ہائیکورٹ یا سپریم کورٹ اس پر سوموٹو ایکشن لے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سوال ہی پیدا نہیںہوتا کہ حکومت کی ایماء کے بغیر اتنی بڑی کارروائی ہوسکے۔ یہ پنجاب حکومت کا طاقت شو کرنے کا مظاہرہ تھا اور وہ کوشش کررہی ہے کہ طاہر القادری پاکستان واپس آئیں تو انہیں ٹریلر دکھایا جائے۔
شرجیل میمن

مزیدخبریں