اسلام آباد (شفقت علی/ نیشن رپورٹ) آصف زرداری نے گزشتہ روز فوج کے خلاف سخت زبان استعمال کی تاہم ذرائع کے مطابق یہ زرداری کی فوج پر آخری طعنہ زنی ثابت ہوگی کیونکہ آئندہ چند روز میں بلاول بھٹو زرداری پیپلزپارٹی کی قیادت سنبھال لیں گے، سیاسی ذرائع نے ’’دی نیشن‘‘ کو بتایا کہ آنے والے دنوں میں آصف زرداری کا پارٹی میں کردار وہی ہوگا جو اس سے قبل بلاول اداکررہے تھے، ذرائع کے مطابق یوسف گیلانی اور پرویز اشرف کی جانب سے عہدوں سے استعفے دیئے جا چکے ہیں، مزید استعفے بھی سامنے آئیں گے اور بلاول پارٹی کو ازسرنو منظم کریں گے، ذرائع کے مطابق زرداری کی تقریر کے بعد پیپلزپارٹی سیاسی حلقوں، میڈیا میں موضوع بحث بن گئی ہے اور نوک جھونک کے اس ماحول میں بلاول بھٹو کو پارلیمنٹ میں متعارف کروانا پارٹی کیلئے ایک طرح سے مثبت ثابت ہوگا۔ ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا بلاول پہلے سے ہی پارٹی کے سربراہ ہیں، ہم نے انہیں چیئرمین کے طور پر منتخب کر رکھا ہے، وہ محتاط ہو کر اپنے اختیارات استعمال نہیں کر رہے اور پارٹی عہدیداروں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔
زرداری کی آخری سخت تقریر، بلاول جلد پارٹی کے معاملات سنبھال لیں گے
Jun 19, 2015