کراچی آپریشن کو کسی صورت متنازعہ نہیں ہونے دیا جائیگا: پرویزرشید

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کو کسی بھی صورت متنازعہ نہیں ہونے دیا جائے گا یہ آپریشن شروع ہی مجرموں خلاف ہوا ہے۔ سیاست کی آڑ میں اگر کوئی جرم کرتا ہے تو اس کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات کو سازگار بنانے کیلئے ہمارے قومی سلامتی کے ادارے قربانیاں دے رہے ہیں جنہیں ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اپیکس کمیٹیوں کو اسی لئے بنایا گیا تھا تاکہ یہاں سکیورٹی سے متعلق تمام معاملات پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔ عمران خان کا کوئی دعویٰ درست ثابت نہیں ہوا۔ 2015ء بلدیاتی انتخابات، 2018 عام انتخابات کا سال ہو گا۔ انہوں مزید کہا عمران خان کے نئے خیبرپی کے میں بلدیاتی انتخابات کو سب نے دیکھا۔ خان صاحب تو اپنے بنائے ہوئے کمشن کے فیصلے کو ہی تسلیم نہیں کر رہے۔ دھرنا سیاست کے اثرات سے پاکستان اب باہر نکل چکا ہے۔ سیاست میں ایک دوسرے کی بات کوتسلیم کرنا پڑتا ہے۔ طاہرالقادری دوبارہ سیاسی سرگرمیوں کا حصہ نہیں بنیں گے۔ میرے خیال میں وہ پاکستان اپنے رمضان کے شیڈول پروگرام کیلئے آرہے ہیں۔ تمام ملکی و غیرملکی معاشی ادادوشمار کے لحاظ سے ہماری معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ حکومت توانائی کے بحران کے حل کیلئے وافر اور سستی بجلی پیدا کرنے کے متعدد منصوبے لگا رہی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا حکومت ٹیکس اکٹھا کرنے کے نظام میں بھی بہتری لارہی ہے۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے وزیراعظم نوازشریف کو کئے جانے والے حالیہ ٹیلی فون کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔

ای پیپر دی نیشن