لوڈ شیڈنگ ، پانی کی قلت کیخلاف مظاہرے: پہلی بار 16 ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی پیدا کی : خواجہ آصف

لاہور + اسلام آباد (نامہ نگاران + نیوز رپورٹر + نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ بجلی اور پانی کی بندش کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث کاروباری زندگی شدید متاثر ہوئی جبکہ کاروبار بھی ٹھپ ہو کر رہ گئے جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت برقرار رہی اور لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں سحری اور افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی، گزشتہ 24 گھنٹے میں ملکی تاریخ میں پہلی بار 16 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا کی۔ صنعتی شعبے کے لئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ (آج) جمعہ سے شام 7 بجے سے رات 3 بجے تک کی جائے گی، سسٹم میں خرابیاں دور کرنے سے بجلی کی فراہمی میں بہتری آئی ہے، جب لوڈشیڈنگ کم ہو گی تو لازمی بات ہے کہ بل بھی زیادہ آئیں گے۔ صارفین بجلی کا استعمال احتیاط سے کم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ رمضان المبارک میں سحری سے ایک گھنٹہ پہلے اور آدھ گھنٹہ بعد جبکہ افطار سے آدھ گھنٹہ پہلے سے رات ساڑھے دس بجے تک عوام کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور ان اوقات میں کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی تاہم رمضان میں سحری اور افطار کے اوقات میں بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے (آج) جمعہ سے صنعتی شعبے کیلئے شام 7 بجے سے رات 3 بجے تک بجلی بند کی جائے گی اور اس سے حاصل ہونے والی بجلی رمضان میں صارفین کو منتقل کی جائے گی تاہم صنعتوں کی ایک شفٹ کے لئے بجلی نہیں ہو گی، دو شفٹیں معمول کے مطابق چلتی رہیں گی۔ ملک وال سے نامہ نگار کے مطابق طویل لوڈشیڈنگ پر تاجروں نے احتجاج کیا ہے۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق واپڈا کی اوور بلنگ کے خلاف کسانوں نے احتجاجی ریلی نکالی اور واپڈا آفس کے سامنے کیمپ لگا کر شد ید نعرے بازی کی۔ دیپالپور سے نامہ نگار اور نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شہر میں واٹر سپلائی کی بندش پر شہری بلبلا اٹھے مشتعل شہریوں نے ٹی ایم اے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، ٹائر نذر آتش، قصور ملتان روڑ بلاک کردی، بھلوال سے نامہ نگار کے مظابق بھلوال میں شدید گرمی سے دو افراد دم توڑ گئے جس میں محمد اسلم اور نذر شامل ہیں۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور مظاہرین نے لاہور شرقپور جڑانوالہ روڈ ٹریڈے والی کے قریب ٹائر جلا کر بلاک کردی اور حکومت اور واپڈا کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے بتایا شرقپور اور گرد و نواح میں16 سے 18 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ مزید برآں لیسکو نے رمضان المبارک کے لئے بجلی بندش کا شیڈول جاری کر دیا ہے سحر، افطار اور نماز تراویح کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی۔ شیڈول کے مطابق سحر کے وقت صبح 2:15 سے 3:45، افطار اور نماز تراویح کے لئے 6:30 سے 10 بجے رات لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ رمضان المبارک کے دوران شہروں میں 6 اور دیہات میں 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو گی۔ علاوہ ازیں ترجمان سوئی نادرن نے کہا ہے سحر اور افطار کے اوقات میں گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی دیگر اوقات میں گیس پریشر کم ہو سکتا ہے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف گلی ککے زئی اور اس کے ملحقہ علاقوں کے درجنوں مکینوں نے لاہور سرگودھا روڈ پر رات گئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین میں خواتین بچے بھی شامل تھے جنہوں نے بتایا مذکورہ علاقہ میں 13گھنٹے سے مسلسل بجلی بند ہے اور متعدد بار واپڈا کو شکایات کرنے کے باوجود کوئی اہلکار نہیں پہنچا۔ مظاہرین نے لیسکو اہلکاروں کیخلاف شدید نعرے بازی کی ہے۔کوئٹہ میں بھی سینکڑوں افراد نے لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرہ کیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق گلی ککے زئیاں شیخوپورہ اور ملحقہ آبادیوں میں کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔ شدید گرمی اور حبس کے مارے شہریوں نے لیسکوکیخلاف نعرے لگائے۔ علاوہ ازیں صوابی میں لوڈشیڈنگ کے احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین نے واپڈا کے چھوٹا لاہور سب ڈویژن آفس کو آگ لگا دی۔ جس سے ریکارڈ اور ایک گاڑی جل گئی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...