لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سڑکوںکی تعمیر میں غیرمعیاری اور سستا ایرانی تارکول فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر معیاری و سستا ایرانی تار کول فروخت کرنیوالوں کیخلاف قانون کے تحت بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور ایرانی تارکول سمگل کرنیوالوں کیخلاف بھی بھرپور ایکشن کیا جائے۔ سڑکوں کی تعمیر میں غیر معیاری اور سستا ایرانی تار کول استعمال کرنیوالوں سے کوئی رورعایت نہیں ہوگی اور ایسے افراد کیخلاف مقدمے در ج کے قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے دفعہ 144کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ترنول، اسلام آباد کی حدود میں غیر معیاری و سستا ایرانی تار کول فروخت کرنیوالے 6گودام سیل کیے اورکارروائی کے دوران ایرانی تارکول کے سینکڑوں ڈرم پکڑے گئے،جنہیں ضبط کرلیا گیا ہے جبکہ مقدمہ درج کر کے 6گودام مالکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے بروقت کارروائی کرنے پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد کو شاباش دی اور ان کی کارکردگی کی تعریف کی۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے گزشتہ روز اسلام آباد میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اورانہیں غیر معیاری و سستے ایرانی تار کول فروخت کرنیوالوں کیخلاف ایکشن کے حوالے سے آگاہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ سڑکوں کی تعمیرومرمت کے کام میں غیر معیاری و ایرانی تارکول کااستعمال کسی صورت برداشت نہیںکیا جائے گااور منصوبوں میں اعلیٰ معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیںہو گا۔غیر معیاری تعمیراتی میٹریل فروخت کرنیوالوں اور منصوبوں میں غیر معیاری مٹیریل استعمال کرنیوالوں کی جگہ جیل ہے ۔ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ شفافیت اور اعلیٰ معیار پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے مزید برآں شہباز شریف نے رمضان المبارک کی آمد پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک رحمتوں،برکتوں اورعظمتوں والا مہینہ ہے۔ماہ مقدس ہمیں اللہ تعالی کی خوشنودی اور رحمتیں سمیٹنے کا نادر موقع فراہم کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ماہ رمضان ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم اس ماہ کے دوران ان بہن بھائیوں کا زیادہ سے زیادہ خیال رکھیں جو ہماری توجہ کے مستحق ہیں۔ماہ مقدس میں پوری قوم خدا کے حضور سجدہ ریز ہو کر گڑگڑا کر ملک میں امن اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کرے۔حکومت پنجاب نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو صرف سستے داموں آٹے کی فراہمی کیلئے ساڑھے تین ارب روپے کے تاریخی رمضان پیکیج کا اعلان کیاہے جبکہ متعلقہ تنظیموں کے تعاون سے رمضان بازاروں میں آٹا،گھی ،چینی،پھل وسبزیاں اور دالیں سستے نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔پنجاب حکومت کے اربوں روپے کے تاریخی رمضان پیکیج کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچنے چاہئیں۔ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاٹ بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی، رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ، پھلوں اور سبزیوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا علاوہ ازیں محمد شہباز شریف نے معروف کاروباری و سماجی شخصیت خواجہ ریاض احمد سکا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے علاوہ ازیں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر کی عوام کو رمضان المبارک کے مہینے میں خصوصی ریلیف کی فراہمی کے لئے 331سستے رمضان و ماڈل بازار قائم کئے گئے ہیں جہاں عوام کو معیاری اشیاء عام مارکیٹ کے مقابلے میں سستے داموں میسر ہوںگی ، چیزوں کی مقررکردہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لئے شہباز شریف رمضا ن بازاروں کی بذات خود نگرانی کریں گے اور اس ضمن میں تمام متعلقہ محکموں اور صوبہ کے ضلعی انتظامیہ و دیگر متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی جاچکی ہیں، تمام اضلاع کے ڈی سی اوز منڈیوں میں اشیاء کی نیلامی کے عمل کا خود جائزہ لے کر روزانہ رپورٹ کریں گے۔