کراچی (سٹاف رپورٹر+صباح نیوز) کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اس دوران ڈی جی رینجرز نے کورکمانڈر کراچی کو کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن اور حالیہ دنوں میں رینجرز کی جانب سے کی گئی گرفتاریوں کے بارے میں آگاہ کیا کورکمانڈر کراچی نوید مختار کا رینجرز ہیڈ کوارٹرپہنچنے پر ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے ان کا استقبال کیا کورکمانڈر کو ڈی جی رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں پر بریفنگ دی اور حالیہ دنوں میں رینجرز کی جانب سے کی گئی گرفتاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اپیکس کمیٹی میں ڈی جی رینجرز کی جانب سے رپورٹ پیش کرنے کے بعد رینجرز کی جانب سے کی گئی کاروائیوں کے حوالہ سے کورکمانڈر کراچی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ کورکمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز نے ملاقات کے دوران اہم امور پر تبادلہ خیال بھی کیا جبکہ کورکمانڈر کراچی کو شہر کی امن وامان کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی کورکمانڈر کو کراچی آپریشن کے حوالہ سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا ۔کورکمانڈر کراچی نے اس موقع پر رینجرز کی کارکردگی آپریشن اور گرفتاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کورکمانڈر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور ان کی مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور ان کو کیفرکردار تک پہنچانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے رینجرز آپریشن اپیکس کمیٹی کے دئیے اختیارات کے مطابق ہو رہا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا رینجرز آپریشن کیلئے اختیارات اپیکس کمیٹی نے دئیے ہیں\ کراچی میں زمینوں پر قبضے میں یاسر نامی شخص ملوث ہے یاسر چار افراد کا گینگ چلا رہا تھا جسے حراست میں لے لیا گیا۔ زمینوں پر قبضوں کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔ ملزمان کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو پکڑیں گے۔
رینجرز ہیڈکوارٹر کا دورہ‘ دہشتگردوں‘ ان کی مالی معاونت کرنیوالوں کیخلاف آپریشن جاری رہے گا: کور کمانڈر کراچی
Jun 19, 2015