تل ابیب (بی بی سی) شمالی اسرائیل میں گلیلی کے سمندر پر رومن کیتھولک چرچ میں انتہا پسند یہودیوں نے آگ لگا دی ۔تابغا میں بنائے گئے چرچ کے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ اس جگہ بنایا گیا تھا جہاں حضرت عیسیٰ نے روٹی اور مچھلیوں کا معجزہ دکھایا تھا جسے عام طور پر 5,000 لوگوں کو کھانا کھلانا بھی کہا جاتا ہے۔ دیوار پر عبرانی زبان میں لکھی ’گرافیٹی‘ یا عبارت سے لگتا ہے کہ اس حملے کے پیچھے انتہا پسندوں کا ہاتھ ہے۔پولیس نے 16 جوان لڑکوں کو حراست میں لیا لیکن بعد میں انہیں چھوڑ دیا۔چرچ میں لگائی گئی آگ سے ایک کتابوں کی دکان اور کمپلیکس میں موجود دیگر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے تاہم پانچویں صدی کا پھولوں والا فرش تباہ نہیں ہوا۔کمپلیکس میں مقیم دو افراد کو بھی دھوئیں میں سانس لینے کی وجہ سے ہسپتال پہنچایا گیا۔اس گرافیٹی سے پتہ چلتا ہے کہ یہ دائیں بازو کے انتہا پسند یہودیوں کا کام ہے جو کہ اسرائیل میں غیر یہودی اہداف پر حملے کرتے ہیں۔