کراچی ( لیڈی رپورٹر) ماہ رمضان کے دوسرے عشرے کے ساتھ ہی کراچی میں عید کی روایتی ”نائٹ شاپنگ“ کا آغاز ہوگیا ہے۔ بازار اور بڑی مارکیٹیں افطار کے بعد کھلنے لگی ہیں۔ چھ روزہ اور دس روزہ تراویح میں ختم قرآن کے بعد دکاندار اب رات میں کاروبار اور شہری خریداری میں مصروف ہوگئے ہیں خواتین میں بھی چھ روزہ تراویح کا رجحان نمایاں رہا۔ جس سے فراغت کے بعد انہوں نے مارکیٹوں کا رخ کرلیا ہے۔ بیشتر خاندانوں میں عید کی خریداری کا آغاز بچوں کے ملبوسات سے کیا جارہا ہے۔ ریڈی میڈ شرٹس ‘ ٹی شرٹس ‘ نیکر اور پینٹس کے ساتھ بابا‘ بے بی کا ایک عدد شلوار قمیض ضرور خریدا جاتا ہے۔ بچوں کے کڑھائی والے قمیض شلوار 300 روپے سے لیکر 800 روپے تک میں دستیاب ہیں۔ مردانہ ملبوسات میں بھی ریڈی میڈ کرتا شلوار کی خریداری کا رجحان ہے۔ کڑھائی والے کرتے کے ساتھ تنگ پائنچے کا پاجامہ یا گھیر دار شلوار عید کا مقبول فیشن ہے مردانہ قمیض شلوار 1000 سے لیکر 10,000 روپے تک میں دستیاب ہے خواتین کے ملبوسات میں لان کی خریداری غالب ہے مشہور برانڈز کے علاوہ بیسوں ڈیزائنررز کی لان ملبوسات پر مبنی عید کولیکشن بڑے شاپنگ مالز کی زینت بن چکی ہے