گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )ریسلنگ ایسوسی ایشن گوجرانوالہ ڈویژن کے انتخابات کا انعقاد ، عامر اکرام بٹ صدر اور امین بٹ کو چیئرمین منتخب کر لیا گیا جبکہ جنرل سیکرٹری کے لئے محمد ریاض کے نام پر اتفاق کیا گیا ،دلآویز گڈو پہلوان سینئر نائب صدر،اختر ایوب پوپی پہلوان ،شاہد پہلوان ،عبدالرشید،اظہر بٹ خلیفہ پومی پہلوان نائب صدور، زاہد بٹ ایسوسی ایٹ سیکرٹری محمد صفدر فنانس سیکرٹری جبکہ افضل ڈار ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب کئے گئے ہیں۔اس سلسلہ میں منتخب عہدیداران کی تقریب حلف وفاداری کے موقع پر ان کے اعزاز میں ایک افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر فیصل میر نے منتخب عہدیداروں سے حلف لیا جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان کے سیکرٹری ناصرمحمود کھوکھرتھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر عامر اکرام بٹ نے کہا کہ گوجرانوالہ فن پہلوانی کے حوالے سے عالمی شہرت رکھتا ہے ،یہاں ایک بار پھر فن پہلوانی کو زندہ کرنے کےلئے اپنی تما م تر توانایﺅں کو بروئے کا ر لا یا جائے گا اور اسکے لئے وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان کی سر پرستی میں کام کیا جائے گا ،کھیل کے فروغ کے لئے مستقل بنیادوں پر ریسلنگ مقابلے جاری رہیں گے۔نو منتخب چیئرمین امین بٹ نے کہا کہ ہم ہر طرح کی دھڑ ے بندی کو ختم کر کے فن پہلوانی کی بھرپورخدمت کریں گے اور اپنے بزرگوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اس کھیل کو دوبارہ مقبول بنائیں گے وہ وقت دور نہیں جب گوجرانوالہ کے پہلوان عالمی مقابلوں میں ملک کے لئے اعزازات جیت کر لائےں گے اور تمغوں کا ڈھیر لگادیں گے۔جنرل سیکرٹری محمد ریاض نے کہا کہ وہ فن پہلوانی کی خدمت کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں ،ریسلنگ سے وابستہ گمنام پہلوانوں کو سامنے لائیں گے اس سلسلہ میں مختلف کیٹیگریز کے مقابلے تسلسل کے ساتھ کرائے جاتے رہیں اور شائقین کی دلچسپی کے لئے سابق پہلوانوں کے درمیان بھی عنقریب مقابلے کرائے جائیںگے۔