’’قوم کو جلد ایک اور خوشخبری ملے گی‘‘ عمران: میچ مکمل ہونے سے پہلے مبارکباد دیدی

Jun 19, 2017

اسلام آباد + لاہور( نیوز رپورٹر+خصوصی نامہ نگار) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ، کک بیکس انکشافات نے شریف خاندان کا پول کھول دیا۔ عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ٹوئیٹر‘‘ پر اپنے ٹوئٹ میں کہا انعام الرحمان نے شریف خاندان سے متعلق انکشافات کئے۔ انعام الرحمان نے حدیبیہ پیپر ملز اور موٹر وے ایم ٹو سے متعلق انکشافات کئے ہیں۔ جے آئی ٹی سابق افسر انعام الرحمان سے تفتیش کرے۔ انعام الرحمان کو جے آئی ٹی میں ضرور ثبوت دینے چاہئیں۔ عمران خان کا کہنا تھا گاڈ فادر کے وفادار انعام الرحمان کو دھمکیاں دے رہے ہیں، انہیں تحفظ دیا جائے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما فواد چوہدری نے الزام عائد کیا ہے کہ جے ٹی آئی کو کام کرنے سے روکا جارہا ہے، حکومت آئی بی اور دیگر ماتحت اداروں کو اس کے لئے استعمال کر رہی ہے، کمشن کرپشن کے بعد منی لانڈرنگ کرکے شریف خاندان نے دوہرا جرم کیا، جے آئی ٹی 23 جون کوسپریم کورٹ کو اپنی تیسری رپورٹ پیش کرے گی اور ہمیں امید ہے کہ جے آئی ٹی کی آخری رپورٹ کی نوبت ہی نہیں آئے گی، وزیر اعظم تیزی سے نا اہلی کی طرف بھاگ رہے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے اور الیکشن کا اعلان کسی بھی وقت ہو سکتا ہے۔ ٹی وی کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کرکٹ کے میدان سے اچھی خبر ملی ہے۔ جلد دوسری خوشخبری بھی قوم کو ملے گی۔کراچی سے نیوز رپورٹر کے مطابق عمران نے کہا ہے کہ کرپٹ مافیا ایک طرف اور پورے ملک کی عوام ایک طرف کھڑی ہے۔ شریف خاندان کی جانب سے پیش کیا جانے والا قطری خط مکمل فراڈ ہے غریب عوام کا پیسہ چوری کرکے باہر بھیجنے والوں کے پاس اب بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں بچا۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز کراچی آمد کے موقع پر ایئرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔

مزیدخبریں