شکست پر بھارتیوں کو سانپ سونگھ گیا، سوشل میڈیا پر حملہ آور بھارتیوں کے منہ کو بھی تالے لگ گئے، کوہلی کی کپتانی پر سوالات

Jun 19, 2017

نئی دہلی (آئی این پی) پاکستان کے ہاتھوں چیمپئن ٹرافی کے فائنل میں بھارتی سورمائوں کو انتہائی شرمناک اور ذلت آمیز شکست کے بعد بھارتی میڈیا پر صف ماتم بچھ گیا‘ بھارتی ٹی وی چینلز نے ہندوستانی ٹیم اور کپتان ویرات کوہلی پر شدید تنقید کرتے ہوئے ٹیم کی شکست کی وجوہات کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ تمام چینلز نے پاکستان کے ہاتھوں ہندوستانی ٹیم کو ذلت آمیز شکست پر آڑے ہاتھوں لیا۔ بھارتی نجی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کا بھارتی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ویرات کوہلی کی کپتانی پر کئی سوال اٹھ رہے ہیں‘ کوہلی اپنی بلے بازی میں ناکام رہے اور بھارتی کرکٹ کے مداحوں کو اچھا خاصا مایوس کیا ہے۔ شاہین بھارتی سورمائوں پر ایسے جھپٹے کے سوشل میڈیا پر پاکستان پر حملہ آور بھارتیوں کے منہ کو بھی تالے لگ گئے‘ ٹوئٹر اور فیس بک کے ذریعے پاکستانیوں پر طنز کرنے والے بھارتی میچ میں بھارت کی عبرتناک شکست کو دیکھ کر بالکل خاموش ہو گئے۔

مزیدخبریں