لاہور(نامہ نگاروں سے) حکومت کے اعلان کے باوجود پاکستان بھارت فائنل میچ کے دوران لوڈشیڈنگ جاری رہی۔صوبائی دارالحکومت میں حکومتی دعوئوں کے باوجود لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ اقبال ٹائون، مرغزار، اعوان ٹائون، ٹراشکون ویلیج، چوہنگ ، ملتان روڈ، ہربنس پورہ ، لنک روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں سے لوڈشیڈنگ کی شکایات موصول ہوئیں شہریوں کا کہنا تھا کہ لیسکو نے انہیں پاکستان کی بیٹنگ دیکھنے سے محروم کر دیا۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شہر اور گردونواح میں اتوار کے روز بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ عروج پر رہااسی دن چیمئین ٹرافی کے فائنل میچ کے موقع پر حکومت کی طرف سے بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق جنرل سیکرٹری چوہدری طاہر شہزاد کمبوہ نے بجلی کی غیر اعلانیہ میچ کے روزلوڈشیڈنگ لیسکو کا حکومت کا حکم ماننے سے صاف انکا ر ہے بعض ادارے جان بوجھ کر نواز شریف کی حکومت کو بدنام کرنے کی کوششیں کررہے ہیں ۔قصورسے نمائندہ نوا ئے وقت کے مطابق قصور اور گردونواح میں چھٹی کے روز بھی لیسکو کی جانب سے غیر اعلانیاں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ، ماہِ رمضان میں لوڈشیڈ نگ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے شدید گرمی میں شہری بلبلا اٹھے ۔قصور اور گردونواح میں چھٹی کے روز بھی بجلی کی غیر اعلانیاں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے شہر میں16،دیہات میں18 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس سے کاروباری مراکز ، مزدور طبقہ بجلی کی فراہمی نہ ہونے سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے شہریوں نے احتجاج کر تے ہو ئے کہاہے کہ بے روزگاری کا بحران ملک میں تو پہلے ہی موجود ہے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے بے روزگاری میںمزید اضافہ ہورہا ہے غریب آدمی کواپنا پیٹ بھرنے کیلئے دووقت کی روٹی کا حصول چیلنج بن چکا ہے ،حکومت کے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوئے محض دعوئے ہی رہ گئے ۔حکومت بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے قصور کی سیاسی وسماجی ،مذہبی ،تاجر ،تنظیموں کے علاوہ شہریوںنے وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ننکانہ صاحب سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ننکانہ سٹی میں گزشتہ دو دن سے سوئی نادرن گیس کی خصوصی طور پر افطاری اورسحری کے وقت غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کر دی جاتی ہے جس کی وجہ سے عوام کو افطاری اور سحری تیار کرنے میں شد ید مشکلات کا سامنا کر نا پڑتا ہے عوام نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وفاقی وزیر گیس و پٹرولیم سے اپیل کی کہ خدارا ماہ رمضان کے مقد س مہینے میں عوام پر ظلم نہ کیا جائے اور گیس کی لوڈ شیڈ نگ فوری ختم کرنے کا حکم دیا جائے ۔علاوہ ازیں شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شہبازشریف مدر اینڈ چلڈرن ہسپتال میں تین گھنٹے بجلی کی بندش کے باعث وارڈ میں داخل مریض بچوں اور لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر جنریٹر ہونے کے باوجود اسکو محض اسلئے نہیں چلایا جا رہا کہ اس میں ڈیزل کا استعمال ہونا ہے۔ اس پر لواحقین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ گکھڑ منڈی سے نامہ نگار مطابق قصبہ گکھڑ میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ۔ میچ کے دوران بھی مسلسل دو گھنٹے بجلی بند۔ روزہ دار گرمی اور لوڈشیڈنگ سے چیخ اٹھے۔ کرکٹ کے شائقین نے بھرپور احتجاج کیا سیاسی و سماجی حلقوں نے ارباب اختیار سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
حکومتی اعلان کے باوجود پاکستان، بھارت فائنل کے دوران لوڈشیڈنگ ہوتی رہی
Jun 19, 2017