پاکستانی ٹیم کی شرٹ پہن کر میچ دیکھا‘ کھلاڑیوں نے روایتی حریف بھارت کو ہرا کر تاریخ رقم کی: شہباز شریف

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھارت کو چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں شکست دینے پرکرکٹ ٹیم اور قوم کو مبارکباد دی ہے، وزیراعلیٰ نے قومی کرکٹ ٹیم اور مینجمنٹ کے نام تہنیتی پیغام میں کہا پاکستانی کھلاڑیوں نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو ہرا کر تاریخ رقم کی ہے، جس پر تمام کھلاڑیوں کے ساتھ مینجمنٹ بھی مبارکباد کی مستحق ہے، پریشر میچ میں قومی کھلاڑیوں نے بغیر دبائو کے کھیل کر بھارت کو ہرایا ہے، انہوں نے کہا نوجوان بلے باز فخر زمان نے سنچری کر کے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا ہے اور پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے- اوپننگ بلے باز اظہر علی اور محمد حفیظ نے بھی بہترین بیٹنگ کی ہے- انہوں نے کہاکہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بائولنگ اور فیلڈنگ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کر کے فتح حاصل کی ہے اور قوم کو عید کا تحفہ دیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم نے ایک یونٹ ہو کر ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا اور شاندار فتح حاصل کی ہے، پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جبکہ کپتان سرفراز احمد نے کھلاڑیوں کا بہترین استعمال کرتے ہوئے عمدہ کپتانی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا چیمپئنز ٹرافی کی جیت قوم کی جیت ہے اور آج قوم کی خوشیوں کو چار چاند لگے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پاکستانی شرٹ پہن کر پاکستان بھارت کرکٹ میچ دیکھتے رہے اور وقفہ وقفہ سے سوشل میڈیا پر اپنی تصویر اور بیان ڈالتے رہے، گزشتہ روز پاکستان بھارت کرکٹ میچ شروع ہونے سے پہلے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر پاکستان کی ٹیم کی شرٹ کی پوسٹ کی کہ یہ آج کیلئے میرا لباس ہے اسکے بعد میچ دیکھنے کی تصویر اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر ڈالی اور ساتھ میں ویڈیو پیغام دیا پاکستانی ٹیم کی اچھی کارکردگی ہے اس کو جاری رکھو، جبکہ فخر زمان کی بہترین کارکردگی کی تعریف بھی کی اور کہا اس میچ کو جیتنے والا میچ بنا دو، میچ شروع ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا پاکستان کی ٹیم نے اچھی شروعات کی ہے اور اچھے اختتام کی امید کرتا ہوں آپ پاکستان کیلئے کھیل رہے اور ہم آپ کیلئے دعا کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کسانوں کی خوشحالی کے لئے کھاد کی قیمتوں میں کمی کو آئندہ مالی سال میں بھی برقرار رکھا جائے گا، پنجاب حکومت چھوٹے کسانوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے زرعی ٹیوب ویلوں پر 6ارب سے زائد سیلز ٹیکس خود ادا کریگی، زرعی معیشت کو مستحکم اورچھوٹے کاشتکار کو انکے پائوں پر کھڑا کریں گے، زرعی شعبے کی بہتری کیلئے اقدامات جاری رکھیں گے، تاریخ میں پہلی بار کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی، بلاسود قرضوں کے پروگرام سے بے زمین کاشتکار بھی فائدہ اٹھائینگے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف مسلم لیگ(ن) کے رہنما و معروف صنعتکار چودھری احمد سعید کی رہائش گاہ گئے اور چودھری احمد سعید کو گلدستہ دیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اموراور سیاسی معاملات پربات چیت ہوئی، شہباز شریف نے اس موقع پر کہا وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک معاشی طور پر ٹیک آف کر چکا ہے، گذشتہ چار برس کے دوران عوام کی بے لوث خدمت کے ریکارڈ قائم کیے ہیں، انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنا کر قوم کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں۔ مخالفین بھی منصوبوں میں پر انگلی نہیں اٹھا سکتے۔ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پرعوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کویقینی بنانے پر کابینہ کمیٹی برائے امن وامان، پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت کی جمعتہ الوداع کے موقع پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں اور مساجد اور امام بارگاہوں کی حفاظت کیلئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔ انہوں نے کہا اسی جذبے، محنت اور عزم کے ساتھ آئندہ بھی قیام امن کیلئے کام کرنا ہے اور ہمیں اتحاد، اتفاق اور یگانگت کے راستے پر چلتے ہوئے ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...