کراچی (نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اب ملک کی کرپٹ مافیا ایک طرف اور پورے ملک کی عوام ایک طرف کھڑی ہے۔ شریف خاندان کی جانب سے پیش کیا جانے والا قطری خط مکمل فراڈ ہے۔ جے آئی ٹی، ایف آئی اے کے سابق اعلیٰ افسر انعام الرحمان کو طلب کرے۔ غریب عوام کا پیسہ چوری کر کے باہر بھیجنے والوں کے پاس اب بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں بچا۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز کراچی آمد کے موقع پر ایئرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی، کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی، مرکزی رہنما نعیم الحق، عمران اسماعیل، علی زیدی، اراکین سندھ اسمبلی ثمر علی خان ، خرم شیر زمان، حلیم عاد ل شیخ، سردار عبد العزیز، الیاس شیخ،دوا خان صابر، ملک شہزاد اعوان، سیف الرحمان خان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ چیئرمین عمران خان نے مزید کہا کہ میڈیا کا کام نہیں ہے کہ وہ ایک کرپٹ مافیا کو سپورٹ کرے۔ میڈیا کا کام ہے کہ حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہوں اور ملک اور قوم کے مفاد میں کرپٹ لوگوں کو ہمیشہ بے نقاب کرتے رہیں۔دریں اثناء چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ، کک بیکس انکشافات نے شریف خاندان کا پول کھول دیا۔ عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ٹوئیٹر“ پر اپنے ٹوئٹ میں کہا انعام الرحمان نے شریف خاندان سے متعلق انکشافات کئے۔ انعام الرحمان نے حدیبیہ پیپر ملز اور موٹر وے ایم ٹو سے متعلق انکشافات کئے ہیں۔ جے آئی ٹی سابق افسر انعام الرحمان سے تفتیش کرے۔ انعام الرحمان کو جے آئی ٹی میں ضرور ثبوت دینے چاہئیں۔ عمران خان کا کہنا تھا گاڈ فادر کے وفادار انعام الرحمان کو دھمکیاں دے رہے ہیں، انہیں تحفظ دیا جائے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما فواد چوہدری نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیر اعظم تیزی سے نا اہلی کی طرف بھاگ رہے ہیں، ایف آئی اے کے ایک سابق افسر انعام الرحمٰن بتا سکتے ہیں کہ شریف خاندان پیسہ باہر کیسے لے کر گیا، انعام الرحمٰن نے انکشاف کیا ہے کہ1990 میں موٹروے بنانے میں 8 ارب کمیشن لیا گیا، موٹروے ساڑھے آٹھ ارب میں بننی تھی اس کی لاگت کو 22 ارب تک لیجایا گیا، وزیراعظم کے درباریوں کے بیانات کی سی ڈیز سپریم کورٹ کو دیں گے، اب وقت آگیا ہے کہ میٹرو بس، پیلی ٹیکسی اور دانش سکول سارے سکینڈل عوام کے سامنے آئیں۔ ان خیالات کا اظہار فواد چوہدری نے عائشہ چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا، انہوں نے کہاکہ حکومت کے ماتحت اداروں کو استعمال کیا جارہا ہے، شریف خاندان جتنا پانامہ کیس سے نکلنے کی کوشش کررہا ہے اتنا ہی زیادہ اس دلدل میں پھنس رہا ہے۔ مزید برآں کراچی میں شوکت خانم کینسر اسپتال کے افطار عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شوکت خانم کینسر ہسپتال میں 75فیصد غریب مریضوں کا مفت علاج ہوتاہے۔ کینسر ایک ایسی بیماری ہے کہ اس کا علاج بہت مہنگا ہے جو کہ غریب انسان کے بس کی بات نہیں ہے۔ اب تک 27ارب روپے غریب مریضوں کے مفت علاج پر خرچ ہو چکے ہیں۔اس کا کریڈٹ پوری پاکستانی قوم کو جاتا ہے۔ کیونکہ شوکت خانم کینسر ہسپتال کے ڈونیشن میں سب سے زیادہ ڈونیشن پاکستانی قوم دیتی ہے۔ یہ باتیں انہوں نے مقامی ہوٹل میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر شوکت خانم کینسر میموریل ہسپتال کی تفصیلات ڈاکٹر عاصم نے پیش کیں۔ افطار ڈنر کے دوران آدھے گھنٹے کے دوران شوکت خانم کینسر ہسپتال کو 17کروڑ روپے کے ڈونیشن ملے۔ جس پر چیئرمین عمران خان نے کراچی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی شہر نے شوکت خانم ہسپتال کے لئے ڈونیشن کا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ دنیا کے 5ٹاپ چیرٹی دینے والے ممالک میں پاکستان شامل ہے۔ شوکت خانم کینسر ہسپتال نے ثابت کردیا کہ اگر پاکستانی قوم متحد ہو گئی تو دنیا کی کوئی طاقت اس کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ چیئرمین عمران خان نے مزید کہا کہ سب سے پہلے پاکستان کی چیمپین ٹرافی کا فائنل جیتنے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔آپ لوگوں کے تعاون سے شوکت خانم ہسپتال چل رہا ہے۔ دنیا میں کوئی بھی ایسا ہسپتال نہیں جس میں 75فیصد غریب مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہو۔ جو قومیں اپنی عزت نہیں کرتیں دنیا میں کوئی بھی ان کی عزت نہیں کرتا۔اگر ہمیں اپنے آپ کو ترقی یافتہ بنانا ہے اوردنیا میں با عزت مقام پانا ہے تو ہمیں دیانتدار اور ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو دنیا کے سامنے اپنے ملک کی ترقی اور قوم کی خوشحالی کے لئے بات کر سکے۔
عمران خان
منی لانڈنگ کک بیکس کے انکشافات نے شریف خاندان کا پول کھول دیا : عمران خان
Jun 19, 2017