افغانستان : پولیس ہیڈکواٹرز پر خود کش حملہ، جھڑپ، 5اہلکار ،4حملہ آور ہلاک

کابل (آئی این پی) افغانستان کے مشرقی صوبے پکتیا میں پولیس ہیڈکوارٹرز پر خود کش حملے میں 5 پولیس اہلکار ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے جبکہ پولیس کے ساتھ جھڑپ میں 4 حملہ آور بھی مارے گئے، طالبان ترجمان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے 100 سے زائد پولیس اہلکاروں کی ہلاکتکا دعوی کیا ہے، دوسری جانب مزار شریف کے فوجی اڈے 'شاہین کیمپ' پر گزشتہ روز افغان فوجی اہلکار کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 7 امریکی فوجیوں کو علاج کیلئے افغانستان سے منتقل کردیا گیا۔ اتوار کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پکتیا کے ضلع اسپن غر میں ایک خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی کوپولیس ہیڈکوارٹرز کے گیٹ پر دھماکے سے اڑا دیا، جس کے بعد مزید 4 حملہ آوروں نے ہیڈکوارٹرز میں گھس کر فائرنگ شروع کر دی۔ عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان چار گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ میں چاروں حملہ آور مارے گئے جبکہ افغان پولیس کے 5 اہلکار ہلاک اور 9 زخمی ہوئے۔ دوسری جانب طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پولیس ہیڈ کوارٹرز پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے 100 سے زائد پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کا دعوی کیا ہے۔ دوسری جانب مزار شریف کے فوجی اڈے 'شاہین کیمپ' پر گزشتہ روز افغان فوجی اہلکار کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 7 امریکی فوجیوں کو علاج کیلئے افغانستان سے منتقل کر دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن