ٹیکس وصولیوں کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے ہر ممکنہ اقدام اٹھائے جائیں: اسحاق ڈار

Jun 19, 2017

اسلام آباد (این این آئی) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) پر زور دیا ہے کہ رواں مالی سال 2016-17 کیلئے ٹیکس وصولیوں کے اہداف کے حصول کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔ ایف بی آر سے متعلقہ امور کے جائزہ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی موثر پالیسیوں اور ایف بی آر کی کوششوں کی بدولت 2012-13 اور 2015-16 کے دوران ٹیکس محصولات میں 60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے ایف بی آر کو آئندہ مالی 2017-18 کیلئے طے شدہ اہداف کے حصول کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے آئندہ مالی سال 2017-18 کے وفاقی بجٹ کی تیاریوں میں ایف بی آر حکام کے کردار کو سراہا جو پارلیمنٹ سے منظور ہوچکا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اعلان کئے گئے اقدامات سے عام آدمی کی زندگی میں خوشحالی آئے گی اور ان کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر خان سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن، چیئرمین ایف بی آر اور دونوں وزارتوں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے شرکت کی۔
اسحاق ڈار

مزیدخبریں