دمشق (آئی این پی ) چین شام کے دیرینہ مسئلے کا سیاسی حل تلاش کرنے کے لئے متعلقہ فریقین سے قریبی رابطہ رکھے ہوئے ہے، ہم شامی حکومت، اپوزیشن، علاقائی ممالک اور دیگر طاقتوں کے ساتھ بھی جو براہ راست یا بلوواسطہ اس تنازع سے متعلق ہیں قریبی رابطہ رکھے ہوئے ہیں۔ یہ بات چینی ایلچی برائے شامی تنازعہ زی زیاﺅ یان نے چینی سفارتخانے میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا چین نے امن مذاکرات کو آگے بڑھانے اور شام میں حاصل کی گئی کامیابیوں پر عملدرآمد پر زور دیا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی تمام فریقین مفاہمت اور قومی مفاہمتی حکومت کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے شامی متاثرین کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی گئی امداد کا بھی ذکرکیا اور کہا کہ چین اب تک نقدی، طبی آلات، دواﺅں اور خوراک کی صورت میں خانہ جنگی کے متاثرین شامی عوام میں 680ملین یوآن (10کروڑ امریکی ڈالر ) کی امداد فراہم کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا دہشتگردی پوری دنیا کی مشترکہ دشمن ہے، اس لئے علاقائی ممالک اور بین الاقوامی برادری کو دوہرا معیار ترک کرتے ہوئے متحد ہو کر دہشتگردی کا مقابلہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ متعلقہ فریقین جلد از جلد کسی نتیجے پر پہنچیں گے اور شامی مسئلے کا پرامن حل تلاش کر لیا جائے گا۔
چین