ابوجا(صباح نیوز)نائیجیریا کے شمال مشرقی علاقے میں دو خود کش دھماکوں کے نتیجے میں 31 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق مقامی انتظامیہ اور ملیشیا لیڈر کا کہنا تھا کہ ریاست بورنو کے قصبے ڈامبو میں عیدالفطر منانے کے بعد واپس آنے والے افراد کو نشانہ بنایا گیا اور دو خود کش دھماکے ہوئے۔حکام کے مطابق ان دھماکوں کی ذمہ دار بوکوحرام ہے۔رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں نے خود کش دھماکے کے بعد جمع ہونے والے افراد کو نشانہ بناتے ہوئے راکٹ بھی فائر کیے جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔ملیشیا رہنما باباکورا کولو کا کہنا تھا کہ ‘دو خودکش دھماکے اور راکٹ سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 31 افراد جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوگئے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘کسی کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے کہ یہ کام بوکو حرام کا ہے’۔مقامی انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ہلاکتوں کی تصدیق کی۔انہوں نے کہا کہ ‘اب تک ہلاکتوں کی تعداد 31 ہے لیکن اس میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ کئی زخمی دم توڑ سکتے ہیں’۔انتظامی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ‘اکثر ہلاکتیں خود کش دھماکوں کے بعد فائر کیے گئے راکٹ لگنے سے ہوئی ہیں’۔خیال رہے کہ بوکوحرام نے نو سال کے دوران دہشت گرد کارروائیوں کے لیے کئی کم سن لڑکیوں کو خود کش حملوں کے لیے تیار کیا اور انھیں مساجد، مارکیٹوں اور بے گھر افراد کے کیمپوں میں بھیجا گیا جس کے نتیجے میں نائجیریا کے شمال مشرقی علاقے بدامنی کا شکار رہے۔
نائیجیریا‘ دھماکہ