اسلام آباد (این این آئی) نیب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کیخلاف منی لانڈرنگ کے الزام میں ایک اور انکوائری شروع کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صحافی اسد کھرل کی شکایت پر قومی احتساب بیورو نے انکوائری شروع کی۔ اسد کھرل نے نیب کے روبرو بیان ریکارڈ کرایا اور نیب کے تفتیش کاروں کو اس حوالے سے متعلقہ ریکارڈ پیش کیا۔ نیب ترجمان نے رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ شکایت کنندہ نے تفصیلات سے آگاہ کیا ہے کہ نواز شریف اور ان کی فیملی نے غیر قانونی طریقہ سے رقوم غیر ممالک بھجوائیں۔ نواز شریف اور ان کی فیملی کو اسی طرح کے الزامات پر پانامہ پیپرز کے تحت احتساب عدالت میں ایک ریفرنس کا سامنا ہے۔ تازہ شکایت کے مطابق خاستہ خان اور جمشید خان جو پشاور میں حوالہ ہنڈی کے ڈیلرز ہیں کو استعمال کرتے ہوئے شریف فیملی نے بھاری رقوم ٹرانسفر کیں۔ رپورٹ کے مطابق پشاور کے دونوں افراد نے نیب کو گواہی ریکارڈ کرا دی ہے۔ اب نیب الزامات کی تحقیقات کریگا اور اگر شکایت جائز ہوئی تو مزید کارروائی کریگا۔
نواز شریف/انکوائری