نکاراگوا : کئی ہفتوں سے جاری تشدد کے بعد جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا

Jun 19, 2018

ماناگوا (اے پی پی) وسطی امریکی ملک نکاراگوا میں گزشتہ چند ہفتوں سے جاری تشدد کے بعد حکومت اور اپوزیشن گروپوں کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے. پرتشدد واقعات میں 170 لوگ مارے جا چکے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق پرتشدد واقعات کی تحقیقات کے لئے فیکٹ کمشن کے قیام اوربین الاقوامی تفتیش کاروں کو ملک میں جانچ پڑتال کی منظوری بھی حکومت نے دے دی ہے۔دارالحکومت ماناگوا میں ہونے والی بات چیت کی ثالثی رومن کیتھولک چرچ نے کی تھی۔صدر ڈینیل اورٹیگا کی حکومت کی جانب سے پنشن اور سوشل سکیورٹی کے پروگراموں میں کمی کئے جانے کے بعد گزشتہ 19 اپریل سے حکومت مخالف مظاہرے شروع ہوئے تھے۔ ان کٹوتیوں کے فیصلے کو بعد میں واپس لے لیا گیا لیکن اورٹیگا کی حکومت کی مخالفت میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ سڑکوں پر اتر آئے۔سرکاری حکام، اپوزیشن سول سوسائٹی گروپوں اور کیتھولک پادریوں نے کہا کہ تمام فریقوں کی طرف سے تشدد اور دھمکیوں کو فوری طور پرختم کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فیکٹ کمشن تمام موتوں اور پر تشدد سرگرمیوں کی تحقیقات کے ساتھ ساتھ اس کے لئے ذمہ دار لوگوں کی شناخت بھی کرے گا۔

مزیدخبریں