چنگیز خان نے چھچھ کے عوام کیلئے ڈٹ کرسب کو حیران کر دیا ، رضا خان

حضرو (نمائندہ نوائے وقت)سابق تحصیل ناظم رضا خان نے کہا ہے کہ اگلے چند دنوں میں حلقہ پی پی 2پر تمام گروپ کا مشاورتی اجلاس بلا کرآئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے ،چنگیز خان نے چھچھ کے عوام کیلئے جو سٹینڈ لیا اور میدان میں ڈٹ گئے اس نے سب کو حیران کر دیا ہے اور پھر جس طرح چھچھ کے عوام نے ان کا ساتھ دیا اس پر ہم مطمئن ہیں کہ ہمارا ٹیمپو بن گیا ہے اور انشاء اﷲ عوامی طاقت سے جیت چنگیز خان کی ہوگی، چھچھ کے حقوق پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے اس کیلئے ہم ڈٹ کر کھڑے ہیںاور سب چھاچھیوں سے ملکر چھچھ کا دفاع کرینگے ، عید پر صحافیوں سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ میں ، میرے بھائی ڈی ایس پی تیمور خان ، خاندان اور دوست چنگیز خان کے نوکری سے استعفیٰ دینے کے حق میں نہیں تھے ، ہم نے کئی بار کہا کہ نوکری سے علاقہ کی خدمت کرو مگر چنگیزخان بضد تھے کہ میں نوکری چھوڑ وں گا ۔اور اگر کسی ضلع میں ڈپٹی کمشنر لگ جاؤں تو اپنے علاقہ کے 5افراد کے کام ہی آ سکوں گا لیکن میں سیاسی میدان میں ہر روز اپنے ہزاروں کسانوں ، غریبوں اور چھاچھیوں کے کام آؤں گا، رضا خان نے کہا کہ میں نے اپنے بھائی چنگیز کو سمجھایا کہ سیاست ایک مشکل میدان ہے لیکن اس کا کہنا تھا کہ اﷲ تعالیٰ کی مدد، ایمانداری اور خلوص دل سے خدمت کا جذبہ ہوتو دنیا کی کوئی طاقت سیاسی میدان میں ناکام نہیں کر سکتی ۔

ای پیپر دی نیشن