لاہور(لیڈی رپورٹر)عیدالفطرکے تینوں دنوں میںخواتین کی مصروفیات عروج پر رہیں،اکثریت کازیادہ تروقت کچن میں گزرا، مہمانوں کی آؤ بھگت، میٹھی عید کے خصوصی پکوان، عزیزواقارب سے ملاقاتیںاور بچوں واہل خانہ کے فرمائشی کھانوں کی تیاری کے علاوہ تفریحی مقامات کے سیرنے عید کی خوشیوں میں رنگ تو بھردئیے مگرتینوں دنوںکی مسلسل مصروفیات کے باعث خواتین کی بڑی تعدادنے آئندہ ایک دوروز کے ریسٹ کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔خواتین سیاستدانوںاور ارکان اسمبلی نے اپنے آبائی علاقوں میں عید منائی اورنماز کی ادائیگی کے بعدعیدی اور عید تحائف تقسیم کئے، سیاسی خواتین نے عید کے تیسرے یا دوسرے روز اہل خانہ کے ہمراہ ریسٹورنٹس میں کھاناکھایا۔دوسری جانب عام خواتین نے بھی عید الفطرکے موقع پرگھروں میں خصوصی اہتمام کئے ۔ وہ خوبصورت ملبوسات، رنگ برنگی چوڑیوں،مہندی کے خوشنما ڈیزائنوںسے آراستہ ہاتھوںسے اہل خانہ و عزیزواقارب کے لئے شیرخرمہ، کڑاہی گوشت، مٹن جلفریزی، قورمہ ، کلیجی، اچار گوشت، بریانی ، مٹن پلاؤ، سٹیکس، شامی کباب تیارکرتی رہیں ۔ ادھر متوسط طبقے کی خواتین پیاز، لہسن، ادرک، ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان رہیں۔