کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کی بدترین کارکردگی کے باوجود کپتان سرفراز احمد پر اعتماد کا اظہار کردیا۔لڑکے کپتان کے ساتھ کھڑے ہیں، ڈانٹ ڈپٹ ہوتی رہتی ہیں لیکن گروپنگ نہیں ہے۔ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی کے بعد ٹیم کی سلیکشن، کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی اورآپس کے اختلافات زیر بحث ہیں۔ ایسے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق کھلاڑیوں اور کپتان سرفراز احمد میں جھگڑے، اختلافات اور گروپنگ کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں لہٰذا میڈیا غیر ضروری قیاس آرائیاں کررہا ہے۔’ورلڈ کپ سے پہلے کرکٹرز اور کوچ میں اختلافات ہوئے، کھلاڑی بغاوت پراتر آئے تھے‘پی سی بی نے سرفراز احمد کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لڑکے کپتان کے ساتھ کھڑے ہیں، ڈانٹ ڈپٹ ہوتی رہتی ہیں لیکن گروپنگ نہیں ہے، ٹیم ٹورنامنٹ میں اچھا پرفارم کرنا چاہتی ہے اور ورلڈ کپ کے بقیہ چار میچوں میں اچھی کارکردگی دکھاکر اپنے ناقدین کو غلط ثابت کرے گی۔پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ فائنل 14جولائی کو ہوگا جس کے ساتھ ہی آئی سی سی کی سالانہ میٹنگ ہوگی جس میں چیئرمین احسان مانی اور منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان شرکت کریں گے۔