مرسی سپردخاک‘ شہید ہیں‘ اردگان: جماعت اسلامی کے تحت پاکستان بھر میں غائبانہ نماز جنازہ

Jun 19, 2019

لاہور‘ گوجرانوالہ‘ قاہرہ‘ استنبول (خصوصی نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی‘ ایجنسیاں) مصر میں سابق صدر مرسی کی سیاسی جماعت اخوان المسلمین کے سیاسی بازو دی فریڈم اینڈ جسٹس پارٹی نے محمد مرسی کی موت کو ’قتل' قرار دیدیا ہے۔ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد ال ثانی نے ان کی موت پر ’گہرے دکھ‘ کا اظہار کیا ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ڈپٹی ڈائریکٹر برائے مشرقِ وسطیٰ اور شمالی امریکہ کا کہنا ہے مرسی کو چھ سال تک قیدِ تنہائی میں رکھا گیا جس نے ان کے دماغ اور جسمانی حالت پر قابلِ ذکر اثر ڈالا، انھیں موثر اور بھرپور طریقے سے باہر کی دنیا سے کاٹ دیا گیا تھا۔ہیومن رائٹس واچ کی مشرقِ وسطیٰ کی ڈائریکٹر سارہ لی وٹسن نے محمد مرسی کی موت کو ’خوفناک لیکن مکمل طور پر قابلِ پیش گوئی‘ قرار دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق محمد مرسی کو قاہرہ میں سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے مرسی کی اچانک انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران مصر کے عوام کی سوچ و فکرکا احترام کرتا ہے۔ دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے مصر کے سابق صدر محمد مرسی کے غائب نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور انہیں شہید قرار دیتے ہوئے شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔منگل کوترک میڈیا رپورٹس کے مطابق استنبول کی تاریخی مسجد فتیح میں محمد مرسی کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس میں ترک صدر سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ترک صدر نے مرسی کی موت کو ماورائے عدالت قتل قرار دیتے ہوئے اس کا قصور وار مصر کی فوج اور حکومت کو ٹھہرایا۔ رجب طیب اردوان نے محمد مرسی کو شہید قرار دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے سابق صدر کو معزول کر کے انہیں قید میں رکھا اور ان پر کسی بھی قسم کا تشدد کیا یا پھر انہیں سزائے موت کی دھمکیاں دیں، تاریخ ایسے ظالموں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔علاوہ ازیںامیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں ڈاکٹر محمد مرسی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ سینیٹر سراج الحق نے پشاور کے جناح پارک میں غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے راولپنڈی میں نماز جنازہ پڑھائی ،کراچی میں حافظ نعیم الرحمن کی امامت میں نماز جنازہ اد ا کی گئی۔ جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں غائبانہ نماز جنازہ کا بڑا اجتماع ہوا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے جناح پارک پشاور میں ڈاکٹر محمد مرسی کی غائبانہ نماز جنازہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈاکٹر محمد مرسی شہید نے جان دے دی مگر ڈکٹیٹرشپ کو قبول کیا نہ مسجد اقصیٰ کی آزادی کے مطالبے سے دستبردارہوئے۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اور عبدالغفار عزیز اور جماعت اسلامی کے رہنما حافظ محمد ادریس نے بھی مرسی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ کے زیراہتمام شیرانوالہ باغ میں مصر کے سابق صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں صوبائی نائب امیر جماعت اسلامی بلال قدرت بٹ نے پڑھائی۔

مزیدخبریں