اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ اسلام آباد پولیس نے مصطفی نواز کھوکھر کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست دائر کی تھی، مصطفی نواز کھوکھر پر بلاول بھٹو زرداری کی نیب میں پہلی پیشی کے دوران احتجاج کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ حکومت جھوٹے مقدمات اور الزامات کے بجائے توانائیاں تعمیری کام پر خرچ کرے۔ میری گرفتاری پر زور دینے کے بجائے یہ توانائی نیشنل ایکشن پلان پر خرچ ہوتی تو اچھے نتائج نکل سکتے تھے۔ اب لگتا ہے کہ وزیراعظم خود میری ضمانت منسوخ کرانے سپریم کورٹ جائیں گے۔ عمران خان کا لب و لہجہ ہی بتا رہا ہے کہ یہ سب کچھ ان کی ایما پر ہو رہا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت پولیس کو مخالفین کے خلاف استعمال کرنے کی تمام حدیں پار کر چکی ہے۔