مظفرآباد(این این آئی)آزادجموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس منگل کے روزسپیکر شاہ غلام قادر کی زیر صدارت منعقد ہو ا جس میں مالی سال2019-20کیلئے آزادکشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا01کھرب21ارب 56کروڑروپے حجم کا میزانیہ منظوری کیلئے پیش کر دیا گیا۔ جاریہ اخراجات کیلئے97ارب جبکہ ترقیاتی اخراجات کیلئے24ارب 56کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔ آئندہ مالی سال کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 11فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔شاہرات کیلئے 9ارب90کروڑ10لاکھ، تعلیم کیلئے2ارب67کروڑ،صحت کیلئے75کروڑ تجویز کیے گئے ہیں ۔ گریڈ 1سے 16تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10،گریڈ17سے 20تک افسران کی تنخواہوں میں 5اور پنشن میں10فیصد اضافہ تجویز کیاگیا ہے ۔ اجلاس میں تخمینہ میزانیہ2019-20اور نظرثانی میزانیہ2018-19پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی نے کہاکہ آئندہ سالانہ ترقیاتی میزانیہ میں 40فیصد رسل و رسائل،11فیصد تعلیم،10فیصدفزیکل پلاننگ وہائوسنگ، 9فیصد لوکل گورنمنٹ ،8فیصد پاور،6فیصد فارن ایڈذپراجیکٹس،3فیصد صحت جبکہ13فیصد فنڈزدیگر پیداواری شعبہ جات کیلئے مختص کیے گئے ہیں۔ سالانہ ترقیاتی اخراجات کے تحت محکمہ زراعت و لائیوسٹاک کیلئے آئندہ مالی سا ل کیلئے 41کروڑ90لاکھ، شہری دفاع کیلئے9کروڑ 50لاکھ، ترقیاتی اداروں کیلئے20کروڑ24لاکھ97ہزار، تعلیم 2ارب 67کروڑ، ماحولیات6کروڑ،بیرونی امداد سے چلنے والے منصوبے1ارب34کروڑ34لاکھ23ہزار،جنگلات،جنگلی حیات اور فشریز55کروڑ،صحت75کروڑ، انڈسٹریز اور معدنیات52کروڑ80لاکھ،ٹرانسپورٹ2کروڑ،انفارمیشن اینڈمیڈیا ڈویلپمنٹ3کروڑ70لاکھ،انفارمیشن ٹیکنالوجی23کروڑ50لاکھ، لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی2ارب 35کروڑ50لاکھ،فزیکل پلاننگ و ہائوسنگ2ارب40کروڑ50لاکھ،پاور2ارب7کروڑ، تحقیق وترقی26کروڑ46لاکھ25ہزار، بحالیات و بندوبست10کروڑ44لاکھ55ہزار،سوشل ویلفیئر وویمن ڈویلپمنٹ15کروڑ،سپورٹس ،یوتھ اینڈ کلچر20کروڑ،سیاحت 20کروڑاور کمیونیکیشن اینڈ ورکس9ارب90کروڑ10لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ آئندہ مالی سال میں متوقع سالانہ آمدن کا تخمینہ بتاتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ کل وصولیوں کا تخمینہ97ارب روپے لگایا گیا جن میں ٹیکس ریونیو سے 25ارب60کروڑ ،لاء اینڈ آرڈر8کروڑ50لاکھ ہیں۔