اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ ایجنسیاں) چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں ملک میں پراپرٹی کی قیمتیں کم ہونے والی ہیں۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں اسد عمر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا، جس میں سود سے پاک معاشی نظام اور اسلامی بینکاری کے فروغ کے لیے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔مسلم لیگ(ن)کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سود سے پاک نظام کی طرف بتدریج پیش رفت کی جائے اور تمام سرکاری اداروں کے اکاونٹ اسلامی بینکوں میں رکھے جائیں۔ قبل ازیں فاروق نائیک کی زیر صدارت ہونے والے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے فنانس بل 2019-20 پر بریفنگ دی اور بتایا کہ گزشتہ 40 سال میں 40 ارب ڈالرز کی منی لانڈرنگ ہوئی، فارن کرنسی سے متعلق قوانین میں سہولت کی وجہ سے پیسہ بیرون ملک منتقل ہوا، منی چینجرز اور ایکسچینج کمپنیوں کے ذریعے بھی پیسہ بیرون ملک گیا۔چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ 2001 میں مشرف دور میں قوانین میں نرمی کی گئی تاہم 2018 میں ترمیم کرکے نان فائلرز کیلئے سختی کر دی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بہت سے لوگوں نے گھروں میں غیرملکی کرنسی رکھی ہے، گھروں میں فارنسی کرنسی کی روک تھام کے لئے فورس بنا رہے ہیں جس میں خواتین بھی شامل ہوں گی تاہم گھروں پر چھاپے مارنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ علاوہ ازیں فنانس بل 2019ء میں قانونی اور ٹیکنیکل غلطیاں دور کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو نشاندہی کی گئی اور جمع کرائی گئی بے ضابطگیوں کا جائزہ لے گی۔ ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کمیٹی کے قیام کی منظوری چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے دی۔ اعلامیہ کے مطابق کمیٹی کا چیئرمین اشفاق تولہ‘ نائب چیئرمین ڈاکٹر حامد عتیق سرور کو بنایا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کمیٹی چیئرمین ایف بی آر کو غلطیاں دور کرنے سے متعلق مشورے دے گی۔
پراپرٹی کی قیمتیں کم ہونے والی ہیں: چیئرمین ایف بی آر
Jun 19, 2019