لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مسلم لیگ ق کے دیگر قائدین سے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، سالک حسین کے علاوہ چودھری شافع حسین بھی موجود تھے جبکہ پی ٹی آئی کے رہنمائوں میں اعجاز چودھری، ڈاکٹر شہباز گل، عون چودھری، جمشید چیمہ اور دیگر رہنما شامل تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم پنجاب اور وفاق کے بجٹ انشاء اللہ کسی پرابلم کے بغیر منظور کروائیں گے اور ہماری پارٹی حکومت کا بھرپور ساتھ دے گی۔ جبکہ نعیم الحق کا کہنا تھا ہم چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کے مشکور ہیں کہ ان کی قیادت میں مسلم لیگ ق نے ہر اہم وقت میں ہمارا قابل قدر ساتھ دیا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے نعیم الحق کو نیک نیت اور معاملہ فہم شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ رابطہ سے معاملات طے ہوتے رہتے ہیں کیونکہ مختلف چیزیں زیر بحث لانے سے ہی حل ہوتی ہیں۔ دریں اثناء پرویز الٰہی نے پریس گیلری کمیٹی کی حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو آگے لے جانے کیلئے عمران خان کے علاوہ کوئی چوائس نہیں‘ عثمان بزدار ہمارے وزیراعلیٰ ہیں وہ بڑے کم گو مگر صاف گو ہیں۔ ہماری اتحادی حکومت ہے‘ ہم ان کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔ میاں برادران اﷲ تعالیٰ کی پکڑ میں ہیں۔ انہوں نے ملک دیوالیہ کر دیا۔ سستی روٹی سکیم‘ دانش سکول سسٹم اور صاف پانی سمیت ان کے تمام منصوبے فلاپ ہو چکے ہیں۔ صحافی برادری نے ہر نازک موڑ پر ملک و قوم کی بھلائی کیلئے ہر طرح کی قربانیاں دی ہیں۔ پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ حمزہ شہباز کے تایا نے مرکز اور ابا نے جو صوبے میں کیا ہے ایسا تو کوئی دشمن بھی نہیں کرتا۔ بعدازاں چودھری پرویز الٰہی نے پریس گیلری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔