معیشت کو دلدل سے نکالیں گے، برطانیہ میں مقیم پاکستانی سرمایہ لائیں: شاہ محمود

Jun 19, 2019

لندن (چودھری اشرف ، نوائے وقت نیوز، صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نیب آزاد اور خود مختار ادارہ ہے جس پر کوئی قدغن نہیں لگا سکتا۔ احتساب کی زد میں آنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ آصف زرداری اور نواز شریف پر مقدمات پی ٹی آئی نے نہیں بنائے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیب نے اپنی دانست میں سمجھا تو ریفرنس دائر کر دیا، کیس اب عدالت میں عدالت فیصلہ کرے گی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیب ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے۔ زرداری اور نواز شریف پر جو کیسز ہیں، وہ ان دونوں صاحبان نے خود ایک دوسرے پر بنائے تھے۔ ہم ان کے کیسز میں مداخلت نہیں کر سکتے۔ احتساب کی زد میں کوئی بھی آتا ہے تو نیب ایک ادارہ ہے جو قانون اور قاعدے کے مطابق اپنا کام کرے گا۔ نیب کا کام احتساب اور ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہے۔اس سے قبل شاہ محمود قریشی نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی بزنس کمیونٹی سے ملاقات کی اور کہا کہ سابق حکومتوں نے مفاد پرست پالیسیوں کے سبب پاکستان کو قرض کی دلدل میں پھنسایا اور ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا۔ ہم پاکستانی معیشت کو دلدل سے نکال کر خود انحصاری کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اولین کوشش ہے کہ پاکستان میں سیاحت کو فروغ ملے اور لوگ چھٹیاں گزارنے پاکستان آئیں۔ اس کے علاوہ ا?زادانہ خارجہ پالیسی کیلئے ہمیں معاشی طور پر مستحکم ہونا ہوگا۔وزیرخارجہ نے برطانیہ میں پاکستانی مقیم بزنس کمیونٹی کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے پاکستانی ہونے کے ناطے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالیں، پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود ہماری حکومت کا ترجیحی ایجنڈا ہے۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا پاکستان میں گزشتہ حکومتوں نے مفاد پرست پالیسیوں کا تسلسل رکھا، ایسی پالیسیوں کے تسلسل کے پاکستان کوقرض کی دلدل میں پھنسایا گیا، مفادپرست پالیسیوں سے ملکی معیشت کوتباہی کے دہانے پرلاکھڑاکیاگیا۔انہوں نے کہا ہم پاکستانی معیشت کواس دلدل سے نکالیں گے۔ پاکستان کو خودانحصاری کی طرف لے جاناچاہتے ہیں، اولین کوشش ہے پاکستان میں سیاحت کو فروغ ملے، آزادانہ خارجہ پالیسی کیلئے ہمیں معاشی طورپر مستحکم ہونا ہوگا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا ہم نیمعاشی سفارت کاری کاآغازکیا ہے۔ ویزہ رجیم متعارف کرائی ہے تاکہ کاروباری حضرات کو پریشانی نہ ہو، چاہتے ہیں لوگ ای ویزہ کی سہولت سے مستفید ہوں۔دریں اثناء پاکستان ہائی کمشن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت کے ہاتھوں ہونے والی شکست پر پوری قوم کی طرح مجھے بھی مایوسی ہوئی ہے۔ کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے اتنی بری شکست پر پوری قوم بھی سخت مایوس ہے۔ پی سی بی معاملے کی انکوائری کرے۔ کرکٹ کی بہتری کیلئے منصوبہ بندی کرے۔ان کا کہنا تھا کہ میں ذاتی طور پر کرکٹ ایکسپرٹ نہیں ہوں تاہم وزیراعظم پاکستان عمران خان نے شنگھائی میں منعقدہ اجلاس کے لیئے روانگی کے موقع پر جہاز میں کہا تھا کہ پاکستان اگر بھارت کے خلاف میچ میں ٹاس جیت جاتی ہے تو اسے پہلے بیٹنگ کرنی چاہیے لیکن پتا نہیں کہ کپتان کوچ اور ٹیم مینجمنٹ کا فیصلہ تھا وہ بہتر جانتے ہیں کہ وہ کس بنا پر کیا۔ دریں اثناء برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستانی نژاد ارکان سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان پارلیمنٹرنز کا کردار ہمیشہ مثبت اور قابل تعریف رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے معیشت، ثقافت کے فروغ اورمسئلہ کشمیرسمیت قومی مفاد کے مختلف امور میں ان پارلیمنٹرنز کے تعاون کو سراہا۔

مزیدخبریں