راولپنڈی (جنرل رپورٹر )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر منگل کے روزملک کے چاروں صوبائی ہیڈ کوآرٹرز سمیت بڑے بڑے شہروں میں مصر کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی شہادت پر غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ہیں۔ جن میںجماعت اسلامی کے رہنمائوں اور کارکنان کے علاوہ ہر مکتبہ فکر کے افراد نے شرکت کی۔راولپنڈی شہر میں بھی ضلعی دفتر کے باہر غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔جس کی امامت امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کی۔شُرکا نے نعرہ تکبیر ٗ اللہ اکبر ۔ سبیلنا ٗ سبیلنا ٗ الجہاد الجہاد۔ڈاکٹر مرسی تیرے خون سے ٗ انقلاب آئے گا۔کے پُر جوش نعرہ بازی کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید عارف شیرازی نے کہا کہ آج بڑے صدمے اور دُکھ کا دن ہے۔اخوان المسلمون نے نصف صدی تک ڈکٹیٹروں کے مظالم کا سامنا کیا ہے۔حسنی مبارک کی ڈکٹیٹر شب کے خاتمے کے بعد مصر کے پہلے انتخابات میں اخوان المسلمون نے 52 فیصد ووٹ لیکر تاریخی کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ صدر ڈاکٹر مرسی نے مصر کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا تھا۔ انہوں نے کُھل کر فلسطینیوں کی حمایت کی۔جس پر امریکا اور اسرائیل سمیت دیگر اسلام دشمن طاقتوں نے ان کے خلاف سازشیں شروع کردیں۔جنرل سیسی نے فوج کی طاقت سے ان کے اقتدار کا خاتمہ کیا اسلام دشمن طاقتیں کسی بھی جرآتمند مسلم رہنما کو چلنے نہیں دیتیں۔آ ج ساری دُنیا میں مسلمانوں کی نسل کُشی ہو رہی ہے۔