راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹرسے) گزشتہ روز ہیلتھ گالا2019کے موقع پربلند فشار خون (ہائی بلڈ پریشر/ہائیپرٹینشن)کے موضوع پر آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کلینیکل لیبارٹریز اور پیر مہر علی شاہ زرعی بارانی یونیورسٹی کی ایریڈین ہیلتھ کیئر سوسائٹی کے اشتراک سے سیمینار منعقد ہوا۔سیمینار سے آغا خان ہسپتال کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عزیز جیوانی،بارانی یونیورسٹی کے ڈائرکٹر سٹوڈنٹس افیئرزڈاکٹر غلام حسین بابر ، منیجر آغا خان یونیورسٹی اسلم خان غالب،اسسٹنٹ مینیجر شمالی پاکستان بلال اظفر عباسی،صدر ایریڈین سوسائٹی محمد عظیم،چیف ٹیوٹر ڈاکٹر عارف ظفر سمیت طلبہ اور فیکلٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ڈاکٹر عزیز جیوانی نے بتایا کہ بلند فشار خون کوطبی ماہرین ،خاموش قاتل سمجھتے ہیں ۔ذہنی تناو،نفسیاتی دبائو ،موٹاپا ،چڑچڑا پن اور دیگر کئی امراض کی وجہ آپکے بلڈ پریشر کا کنٹرول میں نہ ہونا ہے۔پاکستان کی 25%فیصد جبکہ دنیا بھر میںایک ارب آبادی بلند فشار خون کا شکار ہے اور یہ اندیشہ کیا جا رہا ہے کہ اگر آگاہی اور احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو پاکستان میں متاثرین کی یہ تعداد 2025تک دوگنا بھی ہو سکتی ہے ۔آغا خان لیبارٹریز شمالی پاکستان کے منیجر اسلم خان غالب نے شرکاء کا شکریہ ادا کیادیگرمقررین نے سیمینار کے انعقاد کو سراہا اور اس طرز کی سرگرمیوں کو مفاد عامہ کیلئے اہم قرار دیا۔ اسسٹنٹ مینیجر شمالی پاکستان بلال عباسی نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہسپتالوں،میڈیکل سنٹرز،کلینیکل لیبارٹریز اورفارمیسیز سمیت آغا خان یونیورسٹی ہسپتال پاکستان کے 125سے زائد شہروں میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔آغا خان کلینیکل لیبارٹریز معیاری اور تیز ترین رپورٹس کی وجہ سے کالج آف امریکن پیتھالوجسٹس کی جانب سے سند یافتہ پاکستان کی واحد لیبارٹری ہے۔کراچی میں موجود مرکزی ہسپتال جوائینٹ کمیشن انٹرنیشنل سے بھی مستند ہے۔
ہائی بلڈ پریشر خاموش قاتل، آگاہی اور احتیاطی تدابیر ضروری ہیں،پروفیسر عزیز جیوانی
Jun 19, 2019