وفاقی وزیر توانائی تیل و گیس عمر ایوب خان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی بجٹ تقریر کا جواب دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 3 روپے 84 پیسے اضافہ کی درخواست مسلم لیگ (ن) کی حکومت کر گئی تھی۔ اپوزیشن لیڈر نے قرضوں اور توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے اپنی حکومت پر خودکش حملہ کیا۔ اپنی حکومت کے خلاف چارج شیٹ اپوزیشن لیڈر نے پیش کر دی ہے۔ بجٹ 2019-20ء پر تقریر کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا کہ رمضان المبارک میں بغیر کسی تعطل کے ملک بھر میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بجلی کے متبادل منصوبوں میں کٹوتی کر دی کیونکہ اس سستی ترین بجلی کا ریٹ چار سینٹ فی یونٹ ہے۔ پیسکو اور دیگر ڈسٹری بیوشنز کمپنیوںمیں مافیاز بیٹھے تھے۔ ٹرانسفارمر مافیا تھا اس کے خلاف ہم نے کارروائی کی اور اس مافیا سے نجات دلائی۔ مسلم لیگ (ن) بجلی کے شعبے میں 806 ارب روپے کا خسارہ چھوڑ کر گئی تھی اور جاتے جاتے مسلم لیگ (ن) نیپرا کو تین روپے 84 پیسے بجلی کی قیمت میں اضافہ کی درخواست کر گئی یہ فلمیں دیکھنے کی بجائے دستاویزات اور کتابیں پڑھا کریں۔ وزیر توانائی نے اعلان کیا کہ 2020ء میں بجلی گردشی قرضوں کا بہاؤ کنٹرول کر لیا جائے گا اور گردشی قرضہ زیرو فیصد ہو جائے گا۔ دونوں جماعتوں کا عالم اشتراک رہا بھاری قرضے لئے گئے ان دونوں جماعتوں کے اشتراک کو ہم نے توڑا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت سابق صدر ایوب خان کے تربیلا فور کاکریڈٹ بھی لے رہی ہے ،ایسا نہ کریں ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں میرے والد گوہر ایوب خان کو گرفتار کر کے جیل میں ڈالا گیا تھا اور بھٹو کے دور میں میرے والد کو 225 سال کی سزا سنائی گئی۔ دونوں جماعتوں نے ملک کا بیڑہ غرق کیا۔ لوگ آٹے، گھٹی، چینی کیلئے قطاروں میں کھڑے ہوئے۔ عوام نے ہمارا انتخاب کیا کہ چوروں سے ملک و قوم کو نجات دلائیں۔ وزیر توانائی نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاو ن سے پیسکو، سکھر اور حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی میں الیکٹرانک فیڈرز لگانے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس سے بجلی چوری کو چیک کیا جا سکے گا۔ اربوں ڈالر کا منصوبہ شروع ہو گا ہر میٹرپول لگے گا۔ اپوزیشن لیڈر مایوسی پھیلانا چاہتے تھے مگر خود ہی اپنی حکومت پر خودکش جیکٹ پھاڑ گئے۔ انہوں نے کہا کہ 2025ء تک بجلی میں 20 فیصد منصوبے متبادل توانائی کے منصوبے ہونگے۔عمر ایوب خان نے اپنے خطاب میں یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پر امن سوئیلین انرجی نیو کلیئر منصوبوں کو بروقت پیسے نہیں دئیے اور پر امن مقاصد کے سویلین انرجی نیو کلیئر منصوبوں کے حصص سٹاک مارکیٹ میں جاری کرنے کی کوشش کی ۔ یہ کہاں کی حب الوطنی ہے ۔ یہ ہر چیز کا کریڈٹ لیتے ہیں ایسا نہ ہو یہ نظریہ پاکستان کو بھی اپنے کریڈٹ میں شامل کر لیں جہاز کا بے دریغ استعمال ان کے دور میں ہوا ٹرپل سیون جہاز لے کر جاتے رہے ۔