اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ وفاق کے بعد پنجاب کے بجٹ نے بھی عوام کی اُمنگوں اور جذبات کا خون کیا ہے ،روایتی بجٹ ، فرسودہ معاشی فلسفے ، سود ، قرضوں اور کرپشن کی بیساکھیاں ہی ملک کی تباہی کا اصل سبب ہیں ، انھوں نے کہا مرکز اور پنجاب میں صحت کا بجٹ بڑھانے کی بجائے اسے کم کردیا گیاہے جس سے بائیس کروڑ عوام شدید ذہنی کرب میں مبتلاہیں ۔حکومت نے حسب معمول آئی ایم ایف کے احکامات کے پلندے کو بجٹ کا نام دے کر عوا م پر مسلط کردیاہے، مہنگائی ، افراط زر ، پیداواری لاگت کا سونامی عوام کو نچوڑے گا اور مٹھی بھر اشرافیہ ، طاقت ور گروہ 22 کروڑ عوام پر موت مسلط کر دے گا ، وفاق اور صوبے بجٹ پیش کرنے کی حجت پوری کرنے کی بجائے بحرانوں کا ادراک کریں اور متفقہ قومی اقتصادی ایکشن پلان بنایا جائے ۔ انھوں نے کہا ملک کے مسائل کا حل دیانتدار اور اہل قیادت کے بر سراقتدار آنے میں پو شیدہ ہے ، جب تک عوام الیکشن میں خوف خدا رکھنے والی قیادت کو ووٹ نہیں دیں گے مسائل کی دلدل سے نہیں نکل سکتے ۔
وفاق کے بعد پنجاب کے بجٹ نے بھی عوامی اُمنگوں کا خون کیا،میاں اسلم
Jun 19, 2020