مودی کے ساتھیوں امیت شاہ، اجیت ، راج ناتھ اور انکی اولاد پر سنگین الزامات

Jun 19, 2020

اسلام آباد ( عبداللہ شاد- خبر نگار خصوصی) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے قریبی ساتھیوں وزیر داخلہ امت شاہ، نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر اجیت ڈووال، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سمیت متعدد بھارتی رہنما بذات خود اور انکی اولاد بھی سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مالی بدعنوانی میں ملوث ہے۔ ان فرزندانِ بی جے پی کی پست انسانی اقدار کی بدولت بی جے پی خصوصاً آر ایس ایس کے کارکنان کے مورال میں زبردست گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے۔ نریندر مودی بھارت میں ’ کالے دھن کے خاتمے‘ ، معاشی خوشحالی ، رام راجیہ کا قیام سمیت خوش کُن دعووں کے ساتھ برسر اقتدار آئے مگر ان کی جانب سے لئے گئے تمام اقدامات متضاد سمت میں تھے۔ وزیر داخلہ امت شاہ کے بیٹے ’جے شاہ‘ کی کمپنی کا کاروبار مودی کے برسر اقتدار آنے کے محض ایک سال کے اندر ’’ 16 ہزار‘‘ گنا سے بھی زائد بڑھ گیا۔ 2014-15 تک جے شاہ کی کمپنی ٹیمپل انٹرپرائز پرائیویٹ لمیٹڈ کا ریونیو 50 ہزار تھا جو کہ 2015-16 میں بڑھ کر 80.5 کروڑ روپے ہو گیا۔ میڈیا میں مزید مالی بدعنوانیوں کا انکشاف ہونے کے بعد 31 سالہ جے شاہ نے اپنی کمپنی 2016 میں بند کر دی۔ اب موصوف بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے جنرل سیکرٹری کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ دوسری جانب بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے صاحبزادے پنکج سنگھ بھی اپنے انتہا پسندانہ اور غیر اخلاقی بیانات کی وجہ سے میڈیا کی زینت بنے رہتے ہیں۔ 41 سالہ پنکج سنگھ نوئیڈا سے ممبر صوبائی اسمبلی اور بی جے پی اترپردیش کے جنرل سیکرٹری ہیں۔ موصوف پر ریپ، قتل ، سنگین مالی بدعنوانیوں اور فرقہ وارانہ بیانات کے کئی مقدمات درج ہیں۔ علاوہ ازیں بھارتی این ایس اے اجیت ڈووال کے 46 سالہ صاحبزادے شوریا ڈووال کی شہرت بھی کچھ مختلف نہیں ہے۔ وہ نئی دہلی میں ’’ انڈیا فائونڈیشن‘‘ کے نام سے ایک تھنک ٹینک چلاتے ہیں جو مودی کو پاکستان ، چین و دیگر ہمسایوں کیخلاف توسیع پسندانہ پالیسیاں تجویز کرتا ہے، اس کے بورڈ آف گورنرز میں نرملا سیتارمن اور سریش پربھارکر پربھو جیسے نمایاں افراد شامل ہیں۔ علاوہ ازیں وہ ٹارچ انوسٹمنٹ منیجمٹ کے پارٹنر بھی ہیں جہاں سے ان پر انتہائی خطیر رقم کی خرد برد کے الزامات ہیں۔ ’’دی وائر‘‘ نامی ویب سائٹ نے ان کے متعلق انکشاف کیا تھا کہ اپنے والد اجیت ڈووال کی حکومت میں موجودگی سے شوریہ ڈووال کے تھنک ٹینک کو بڑا مالی فائدہ پہنچا۔

مزیدخبریں