لاہور (نیوز رپورٹر) معروف دانشور، سماجی رہنما، پولیٹیکل سائنسدان اور ترکی کے امور کے ماہر فرخ سہیل گوئندی کے والد محمد یعقوب گوئندی حرکت قلب بند ہونے سے گزشتہ روز لاہور میں انتقال کر گئے۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔ وہ سرگودھا میں پیدا ہوئے اور اوائل جوانی ہی میں وہ سرگودھا کی ادبی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے اور اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مل کر انہوں نے سرگودھا میں روزنامہ ’’پیام قائد‘‘ بھی کئی سال شائع کیا۔ وہ پاکستان کے ان پانچ لوگوں میں سے تھے جو پرفیوم بنانے کے فن سے آشناء تھے۔ انہیں گزشتہ روز کینٹ لاہور میں نماز جنازہ کے بعد سپردخاک کر دیا گیا ۔مزید برآں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے فرخ سہیل گوئندی کے والد یعقوب گوئندی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پیپلز پارٹی فرخ سہیل گوئندی کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ یعقوب گوئندی ایک اعلیٰ انسان تھے۔ ساری زندگی شرافت سے بسر کی۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔
معروف دانشور فرخ سہیل گوئندی کے والد انتقال کر گئے‘بلاول اور کائرہ کا اظہار افسوس
Jun 19, 2020