ایف بی آر اناملی کمیٹی میں انجم نثار کو سربراہ نہ بنانافیڈریشن کی توہین ہے،گلزارفیروز

Jun 19, 2020

کراچی(کامرس رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے مرکزی ترجمان گلزارفیروز نے وفاقی حکومت کی ہدایت پرچیئرپرسن ایف بی آر کی جانب سے وفاقی بجٹ 2020-21میں سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنے کیلئے بنائی گئی اناملی کمیٹی کی سربراہی ایک عام بزنس مین کے سپرد کرنے اور پورے پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے نمائندہ ادارے ایف پی سی سی آئی کے صدر میاںانجم نثار کوممبر کی حیثیت سے9رکنی کمیٹی میں شامل کرنے پر اسے باعزت نمائندہ ادارے ایف پی سی سی آئی اور پاکستان بھر کی کاروباری برادری کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چونکہ کمیٹی میںانجم نثار ایک ممبر کی حیثیت سے پاکستان کی کاروباری برادری کی جانب سے بجٹ پر اعتراضات نہ توباوقار انداز میں کمیٹی کے سامنے پیش کرسکیں گے اور نہ ہی انہیں حل کرانے کی ان کے پاس طاقت ہوگی۔گلزار فیروز نے انجم نثار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کمیٹی میں ایک عام ممبر کی حیثیت میں شمولیت پربطوراحتجاج کمیٹی سے استعفیٰ دیں۔گلزار فیروز نے کہا کہ ایف بی آر کی اناملی کمیٹی کا چیئرمین ایک بزنس مین ثاقب شیرازی کو بنایا گیا ہے اور شریک چیئرمین ممبر کسٹم پالیسی محمدجاوید غوری ہیںجبکہ انجم نثار اس کمیٹی میں دیگر 9ممبران کے ساتھ شامل ہیں،ایف پی سی سی آئی پاکستان کا بزنس کمیونٹی کیلئے معتبر ادارہ ہے مگر اناملی کمیٹی کی سربراہی ا س ادارے کے صدرکو نہیں سونپی گئی جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ حکومت ایف پی سی سی آئی کے صدر کو اہمیت دینے کو تیار نہیں ہے ۔

مزیدخبریں