لاہور (وقائع نگار خصوصی) انسداد دہشت گردی عدالت نے جماعۃ الدعوۃ کے چار رہنماؤں کے خلاف کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پروفیسر ظفر اقبال اور یحییٰ مجاہد کو پانچ، پانچ سال قید، پچاس ہزار روپے جرمانہ جبکہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی اور حافظ عبدالسلام بن محمد کو ایک، ایک سال قید، بیس ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔ جماعۃ الدعوۃ کے رہنماؤں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 3 کے جج اعجاز احمد بٹر کی عدالت میں 10 جون کو فرد جرم عائد کی گئی۔ سی ٹی ڈی کی طرف سے درج مقدمہ کی سماعت کے دوران 10 سے زائد گواہوں کو پیش کیا گیا۔ جمعرات کو پانچ گھنٹے تک سماعت جاری رہی جس کے بعد اے ٹی سی کورٹ نمبر 3کے جج اعجاز احمد بٹر نے فیصلہ سنایا۔ واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے چند ماہ قبل جماعۃ الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید اور پروفیسر ظفر اقبال کو مجموعی طور پر گیارہ گیارہ سال قید کی سزا سنائی تھی۔
جماعۃ الدعوہ کے رہنمائوں یحییٰ مجاہد‘ ظفر اقبال کو 5‘ 5برس قید
Jun 19, 2020