جو بائیڈن تو ہیلری کلنٹن سے بھی کمزور ہیں، ٹرمپ

Jun 19, 2020 | 11:45

ویب ڈیسک

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن کو سابق حریف ہیلری کلنٹن سے بھی کمزور قرار دیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ وہ باآسانی دوبارہ الیکشن جیت جائیں گے تاہم تسلیم کیا ہے کہ ڈاک کے ذریعے ووٹنگ انہیں ہرادے گی۔امریکی اخبار کو خصوصی انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے 2016میں ہیلری کلنٹن سے مقابلے کا موازنہ کیا اور کہا کہ جوبائیڈن کہیں زیادہ کمزور امیدوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری سےمتعلق بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ ہر ماہ امریکا بہتر سے بہتر ہورہا ہے۔ تیسرے کوارٹر میں جی ڈی پی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہوگی۔ تاہم ڈیموکریٹس چاہتے ہیں کہ لاک ڈاون ختم نہ ہو، وہ سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں کہ امریکا نہ کھلے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں سب سے زیادہ خدشات ڈاک کے ذریعے ہونے والی ووٹنگ سے ہیں کیونکہ یہ وہ واحد طریقہ ہے جس سے وہ الیکشن ہار سکتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ڈیموکریٹس دھوکے بازی کرتے ہیں اور الیکشن چرا سکتے ہیں۔ غیرقانونی ووٹنگ کی جاسکتی ہے اور یہ بھی ممکن ہے کہ ری پبلکن علاقوں میں بیلٹ بھیجے ہی نہ جائیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ وہ جیفرسن یادگار جیسی وفاقی یادگاروں کا تحفظ کرنے کے لیے پالیسی بیان جاری کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مظاہرین امریکا کی تاریخ اور ثقافت کو چھیننا چاہتے ہیں تاہم ایسا نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ سپریم کورٹ میں قدامت پسند جج تعینات کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں