امریکا کی سابق وزیر خارجہ اور 2016ءکی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ آئندہ صدارتی انتخابات میں امریکی صدر ٹرمپ کی شکست یقینی ہے، اس بیان پر ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت رد عمل کا اظہار کیا اور ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن کو سابق حریف ہیلری کلنٹن سے بھی کمزور قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ باآسانی دوبارہ الیکشن جیت جائیں گے۔ ہیلری کلنٹن نے سکائی نیوز ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا وائرس اور اس سلسلے میں ٹرمپ کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ آئندہ صدارتی انتحابات میں جو بائیڈن کے ہاتھوں ٹرمپ کو شکست ہو گی۔ رائٹرز ایبسوس کی جانب سے سامنے آنے والے سروے نتائج سے دکھائی دیتا ہے کہ جوبائیڈن ٹرمپ سے 13 فیصد آگے ہیں۔