ایف ڈی اے نے گیم سے بچوں کی بیماری کے علاج کی منطوری دیدی

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایف ڈی اے) نے بچوں کی بیماری 'اے ڈی ایچ ڈی' کے علاج کے لیے ویڈیو گیم کی منظوری دے دی جو خاص اس بیماری سے متاثرہ بچوں کے علاج کے لیے بنایا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بچوں کی بیماری اے ڈی ایچ ڈی (اٹینشن ڈیفیسٹ ہائپر ایکٹویٹی ڈس آرڈر) جس میں بچوں کی توجہ بٹ جاتی ہے یعنی وہ ایک کام میں اپنی توجہ برقرار نہیں رکھ پاتے۔

اس بیماری کے علاج کے لیے حال ہی میں ایف ڈی اے نے ایک گیم کی منظوری دی ہے جس کا نام 'اینڈیور آر ایکس' ہے۔

یہ گیم متاثرہ بیماری میں مبتلا 8 سے 12 سال کے بچوں کے لیے بنایا گیا ہے جب کہ اس گیم کو ڈاکٹروں کی ہدایت کے بغیر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ماہرین کے مطابق یہ گیم اس بیماری کے علاج کا پہلا ڈیجیٹل علاج ہے جس سے اے ڈی ایچ ڈی سے متاثرہ بچوں کو اپنی توجہ ایک چیز یا کام پر مبذول کرنے میں مدد ملے گی۔

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایف ڈی اے) نے اس گیم کو بطور علاج منظور کرنے سے قبل 600 بچوں پر آزمایا ہے۔

اس گیم سے بچوں کی اعصابی اور محسوس کرنے کی صلاحیت بہتر ہو سکے گی جب کہ اس گیم کے حوالے سے ماہرین کی جانب سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن