لاہور (سپورٹس رپورٹر) یوروکپ دیکھنے جانے والے پاکستانی رل گئے ہیں۔ 48 گھنٹوں میں 15 سے زائد پاکستانیوں کو روسی حکام نے تحویل میں لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق روسی حکام نے یورو کپ دیکھنے جانے والے متعدد پاکستانیوں کو ایئر پورٹ پر ہی روک لیا ہے۔ ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کو جعلی فین آئی ڈی کے شبے میں روکا گیا ہے۔ روسی حکام نے 4 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ بھی کر دیا ہے۔ تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ بیش تر پاکستانی اصلی فین آئی ڈی پر یوروکپ دیکھنے روس پہنچے تھے۔ پاکستانیوں کو روکے جانے پر ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا کہ پاکستانیوں کو پیش آنے والے مسئلے سے خارجہ آفس آگاہ ہے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے کے حکام روسی ہم منصب سے رابطے میں ہیں، اسلام آباد میں بھی وزرات خارجہ نے روسی سفارت خانے سے یہ معاملہ اٹھایا ہے۔ ترجمان زاہد حفیظ نے امید ظاہر کی ہے کہ معاملے کو جلد خوش اسلوبی سے حل کر لیا جائے گا۔
یوروکپ، 15 سے زائد پاکستانیوں کو روسی حکام نے تحویل میں لے لیا
Jun 19, 2021