اسلام آباد (خبرنگار)وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اچھی بات ہے پارلیمان چل پڑی ہے، تین دن جو کچھ ہوا اسے عوام نے اچھی نظر سے نہیں دیکھا،وزیر اعظم عمران خان پانچ سال پورے کریں گے، ضلعی انتظامیہ اور پولیس اسلام آباد کو مثالی شہر بنائے، طاقتوروں کو پکڑیں، ملک کا اصل مسئلہ یہ ہے کہ صرف غریب ہی قانون کی پکڑ میں آتا ہے۔جمعہ کو یہاں ایگل سکواڈ کے فلیگ مارچ کی تقریب کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا اسلام آباد کو منشیات سے پاک کیا جائے اور آئس ، ہیروئن کے بڑے بڑے ڈیلرز اور ریکٹس کو پکڑا جائے، نواحی علاقوں میں مزید نئے تھانے بنانے کی ضرورت ہے، اسلام آباد میں سکیورٹی کی بہتر ی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا اسلام آباد میں ناکے ختم کردیئے ہیں۔ ای پاسپورٹ جاری کئے جائیں گے اور 2 ہزار اضافی فیس کے ساتھ ایک دن میں بھی پاسپورٹ ملے گا۔ ویزہ سسٹم آن لائن کر دیا ہے۔ چینی شہریوںکو 90 دن کی بجائے 2 سال کا ویزہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس میں ایس ایچ اوز کو براہ راست فنڈ دے رہے ہیں۔ پولیس کے پاس فنڈز کی کمی ہے انہیں مزید وسائل دیں گے ، ان کی تنخواہیں اور الائونسز بھی بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کے لئے الگ بازار بھی قائم کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جوا ب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ تین دن پارلیمان میں جو کچھ ہوا وہ اچھا نہیں ، اس سے جمہوریت کو عزت نہیں ملی، پڑھے لوگوں نے اسے اچھی نظر سے نہیں دیکھا،اللہ کاشکر ہے کہ پارلیمان اب چل پڑی ہے۔ ہم نے اپوزیشن کے ساتھ جوڈو کراٹے نہیں کرنے بلکہ اسے ساتھ لے کر چلنا ہے،اپوزیشن میں دم خم نہیں ہے،یہ دسمبر میں حکومت کے خاتمے کا اعلان کر چکے تھے لیکن ان کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں، پلگوں میں کچرا ہے اور انجن دھواں دے رہا ہے۔ عمران خان پانچ سال حکومت کرے گا۔ وزیر داخلہ نے 150 موٹر سائیکل سواروں پر مشتمل ایگل سکواڈ کا معائنہ بھی کیا۔
اپوزیشن کیساتھ جو ڈو کراٹے نہیں کرنے ساتھ لیکر چلنا ہے شیخ رشید
Jun 19, 2021