پی ایس ایل 6 : کراچی کنگز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلیے 177 رنز کا ہدف

ابوظہبی: پی ایس ایل 6 کے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ابوظہبی میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے اہم میچ میں کراچی کنگز نے دانش عزیز کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 176 رنز بنائے۔اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے بابراعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا، بابراعظم 23 اور شرجیل خان 45 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔مارٹن گپٹل صرف 5 رنز ہی بناسکے اور نجیب اللہ زدران 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ کپتان عماد وسیم 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم چیڈوک والٹن اور دانش عزیز کی بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز اسکور بورڈ پر اچھا ٹوٹل بنانے میں کامیاب رہی۔دانش عزیز نے 13 گیندوں پر 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے جب کہ چیڈوک والٹن 34 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔واضح رہے ملتان سلطانز نے گزشتہ روز لاہور قلندرز کو شکست دے کر اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرلیا تھا جس کے بعد کراچی کنگز کے لیے آج کا میچ اہمیت اختیار کرگیا ہے، شکست کی صورت میں کراچی کنگز ایونٹ سے باہر ہوجائے گی تاہم جیت کے ساتھ کراچی اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرلے گا اور لاہور قلندرز کا سفر تمام ہوجائے گا۔

ای پیپر دی نیشن