لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ بورڈ آف گورنرز کا اجلاس آئندہ ہفتے لاہور میں ہونے کا امکان ہے۔ اجلاس میں آئندہ سیزن کیلئے سنٹرل کنٹریکٹ کی منظوری دی جائیگی۔ اجلاس میں پی سی بی کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری بھی دی جائیگی اور شرکاء کو پاکستان جونیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن پر اپڈیٹ دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اپ ڈیٹ میں پاکستان جونیئر لیگ کیلئے ٹیموں کی فروخت اور غیرملکی کھلاڑیوں کی شرکت کیلئے دیگر بورڈز سے معاملات شامل ہیں۔ذرائع نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ممکنہ ایونٹس سے متعلق معلومات بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کیلئے سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ کی تلاش شروع کر دی ہے۔ پی سی بی نے کوچ کی تلاش کیلئے اشتہار جاری کر دیا ہے، سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ کی تقرری کا مقصد ویمن کرکٹرز کی فزیکل فٹنس کو بہتر بنانا ہے۔سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ ویمن ٹیم مینجمنٹ کیساتھ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں بھی کام کریگا۔واضح رہے کہ عہدے کے خواہشمند امیدوار 4 جولائی تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔