گلگت  بلتستان ہر لحاظ سے پاکستان کا ایک زرخیز خطہ ہے:صدر مملکت

Jun 19, 2022


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ گلگت بلتستان ہر لحاظ سے پاکستان کا ایک زرخیز خطہ ہے، یہاں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں، گلگت بلتستان کی تیز تر ترقی کیلئے مزید اقدامات کئے جانے چاہیے۔ گلگت بلتستان اسمبلی کے ممبران سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ ایک اچھی حکومت کی یہ پہچان ہے کہ وہ ترقی کے سفر میں تیزی سے آ گے بڑھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی ترقی کے بارے میں پر امید ہوں،کورونا وائرس کی وبا میں بھی ہم نے دنیا کے کئی ممالک سے زیادہ ترقی کی ہے۔ہم میں ہر لحاظ سے آگے بڑھنے کی صلاحیت موجود ہے ،اس لئے مستقبل کے حوالے سے پر اْمید ہوں۔انہوں نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں سیاحت اور دیگر میدان میں وسائل کے مقابلے میں ہنر مند افراد کی قلت ہے۔اس لئے ان وسائل کو موثر طریقے سے بروئے کار لانے اور علاقے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ ہنر مند افراد کی ضرورت ہوگی۔بلتستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تعیناتی سے متعلق صدر مملکت نے کہا ہے علاقے میں معیاری تعلیم فراہم کرنے اور یونیورسٹی میں پیشہ ورانہ قیادت کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی قابل، اہل اور موزوں شخصیت کی تقرری کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ  اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے گلگت بلتستان کے دوسرے اضلاع میں بھی ممبران کے  مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے قراقرم یونیورسٹی اور بلتستان یورنیورسٹی کے کیمپس قائم کئے جائیں گے ۔صدر مملکت نے گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے ضروری وسائل کی فراہمی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اس ملاقات میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور گلگت بلتستان اسمبلی کے ممبران جن میں حکمران اور اپوزیشن جماعتوں کے ممبران  موجود تھے ۔

مزیدخبریں