جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں گھوسٹ فیکلٹی کے نام پر کروڑوں روپے خورد برد 

Jun 19, 2022


فیصل آباد (ندیم جاوید) جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں گھوسٹ فیکلٹی بھرتی کرنے اور گھوسٹ فیکلٹی کے نام پر کروڑوں روپے کے فنڈز خورد برد کئے جانے کا میگا کرپشن سکینڈل سامنے آیا ہے۔ معاملے میں یونیورسٹی کے کئی بڑے نام ملوث پائے جارہے ہیں۔ وائس چانسلر نے کرپشن معاملے کی تفصیلی انکوائری کا حکم دیدیا۔  جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں گھوسٹ فیکلٹی بھرتی کرنے، گھوسٹ فیکلٹی کے ذریعے جعلی کلاسز پڑھانے اور اس کے نام پر کروڑوں روپے کے فنڈز نکلوا کر اپنے بنک اکاؤنٹس میں منتقل کرنے کا میگا کرپشن سکینڈل  سامنے آیا ہے۔ کرپشن  میں یونیورسٹی کے متعدد انتظامی افسران اور ملازمین کے ملوث پائے جارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گھوسٹ فیکلٹی بھرتی کرنے اور اس کے نام پر جعل سازی کے ساتھ فنڈز نکلوانے کے سکینڈل میں یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات و چیئرمین انگلش ڈیپارٹمنٹ کا نام مرکزی کردار کے طور پر سامنے آیا ہے جن کے دستخط کے ساتھ گھوسٹ فیکلٹی بھرتی کی جاتی رہی ہے۔ اس معاملے میں ہی یونیورسٹی کے رجسٹرار آفس کی اکیڈمک برانچ کے انچارج ایک ڈپٹی ٹریژرر ،سابقہ ریزیڈنٹ آڈیٹر، انگلش ڈیپارٹمنٹ کی سابق ایڈمن آفیسر، اور متعدد متعلقہ برانچز کے دیگر درجن بھر افراد کے ملوث ہونے کی رپورٹس سامنے آرہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق گھوسٹ فیکلٹی بھرتی کرنے اور فنڈز میں خورد برد یونیورسٹی کے انگلش ڈیپارٹمنٹ میں ہوئی۔

مزیدخبریں